1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن زبان سال کے ’سب سے لایعنی لفظ‘ کی تلاش میں

5 جنوری 2025

جرمنی میں ہر سال ماہرین لسانیات اور ادیبوں پر مشتمل ایک جیوری جرمن زبان میں نئے شامل ہونے اور استعمال میں آنے والے ’سب سے لایعنی‘ لفظ کا انتخاب کرتی ہے۔ 2024ء کے ایسے منتخب کردہ لفظ کا اعلان 13 جنوری کو کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/4olm8
پچھلی مرتبہ ’ری امیگریشن‘ یا مختصراﹰ Remigration کو جرمن زبان کا سب سے لایعنی نیا لفظ قرار دیا گیا تھا
پچھلی مرتبہ ’ری امیگریشن‘ یا مختصراﹰ Remigration کو جرمن زبان کا سب سے لایعنی نیا لفظ قرار دیا گیا تھاتصویر: Nadine Weigel/dpa/picture alliance

جرمن زبان میں وقت کے ساتھ ساتھ آنے والی تبدیلیوں اور اس میں شامل ہونے والے نئے الفاظ پر ماہرین لسانیات مسلسل نظر رکھتے ہیں۔ جو نئے مرکب الفاظ اور لسانی ترکیبات بوقت ضرورت خود بخود تشکیل پاتے ہیں، ان میں سے بہت سے اس طرح معیاری شکل اختیار کر جاتے ہیں کہ ان کو اس حوالے سے جرمنی کی معتبر ترین لغت ڈوڈن (Duden) میں بھی شامل کر لیا جاتا ہے، جس کا ہر سال ایک نیا ایڈیشن شائع ہوتا ہے۔

ذخیرہ الفاظ میں ہونے والا مسلسل اضافہ

کسی بھی زبان کے ذخیرہ الفاظ میں اس طرح جو مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے، اس میں ایسے الفاظ یا تراکیب بھی شامل ہوتے ہیں، جو لسانی جمالیاتی حوالے سے بہت مناسب نہیں ہوتے مگر عوامی سطح پر استعمال میں رہتے ہیں۔ جرمن زبان میں ایسے کسی بھی لفظ کو  Unwort کہتے ہیں، جس سے مراد یہ ہے کہ جیسے ایسا کوئی بھی لفظ، کوئی لفظ ہو ہی نہ یا پھر وہ کوئی برا یا لایعنی لفظ ہو۔

جرمنوں نے 200 سال قبل برازیل ہجرت کیوں کی؟

جیوری کی ترجمان اور ماربرگ یونیورسٹی کی پروفیسر کونسٹانسے اشپیس تین سال قبل 2021ء کے سب سے لایعنی نئے جرمن لفظ ’پُش بیک‘ کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے
جیوری کی ترجمان اور ماربرگ یونیورسٹی کی پروفیسر کونسٹانسے اشپیس تین سال قبل 2021ء کے سب سے لایعنی نئے جرمن لفظ ’پُش بیک‘ کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئےتصویر: Nadine Weigel/picture alliance/dpa

اس نوعیت کی پیش رفت پر نظر رکھنے کے لیے جرمنی میں ایک ایسی جیوری بھی ہے، جو سال کے سب سے لایعنی نئے لفظ یا Unwort des Jahres کا انتخاب کرتی ہے۔ سال 2024ء کا ایسا سب سے متنازعہ لفظ کون سا ہو گا، اس کا اعلان یہ جیوری 13 جنوری کو کرے گی۔

جرمن زبان کا طویل ترین لفظ اور چند دیگر دلچسپ حقائق

بغیر کسی مالی معاوضے کے اور رضاکارانہ طور پر کام کرنے والی، ادیبوں اور ماہرین لسانیات پر مشتمل یہ جیوری 2024ء کے لیے اپنا فیصلہ جرمن شہر ماربرگ کی فلپ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں کرے گی۔

انتخاب کن  کن ممکنہ الفاظ میں سے

ماربرگ میں Non-Word of the Year کی جیوری نے جرمن عوام سے 31 دسمبر تک تجاویز مانگی تھیں کہ وہ بتائیں کہ ان کی رائے میں جرمن زبان میں نیا شامل ہونے والا اور گزشتہ برس کا سب سے لایعنی لفظ کون سا تھا۔

جرمن زبان میں کوئی بھی تحریر لکھنے کے عمل میں لسانی حوالے کے طور پر ڈوڈن ڈکشنری کو اہم ترین معیار مانا جاتا ہے
جرمن زبان میں کوئی بھی تحریر لکھنے کے عمل میں لسانی حوالے کے طور پر ڈوڈن ڈکشنری کو اہم ترین معیار مانا جاتا ہےتصویر: Patrick Pleul/picture alliance

اس کے جواب میں اس جیوری کو نئے سال کے آغاز تک 2800 سے زائد مختلف الفاظ تجویز کیے جا چکے تھے۔

جیوری کی ترجمان اور ماربرگ یونیورسٹی کی پروفیسر کونسٹانسے اشپیس کے بقول عام صارفین نے جو 'لایعنی‘ الفاظ تجویز کیے، ان میں illegale Migration، Biodeutsche اور  kriegstüchtig جیسے الفاظ اور تراکیب بھی شامل ہیں۔

غیرملکی آئمہ کے لیے جرمن زبان لازمی قرار

ان سب الفاظ اور تراکیب کو عام جرمن صارفین نے اس لیے تجویز کیا کہ ان میں کہیں نہ کہیں کوئی جمالیاتی نقص، کوئی تضاد یا پھر کوئی ڈھکا چھپا تعصب موجود ہے۔

تینوں نمایاں ترین تجاویز کا لسانی جمالیاتی تجزیہ

مندرجہ بالا تینوں لسانی تراکیب کو عام جرمن صارفین نے اس لیے تجویز کیا کہ ان کے لغوی معنی اپنے اندر کوئی نہ کوئی منفیت لیے ہوئے ہیں۔ مثلاﹰ ترک وطن تو ترک وطن ہوتا ہے تو اسے غیر قانونی ترک وطن کہنا بلاوجہ اس عمل پر ایک منفی ٹھپہ لگا دینے کے مترادف ہے۔

جرمن زبان کی اہم ترین ڈکشنری ڈوڈن کی ایک تصویر
جرمنی میں ڈوڈن ڈکشنری کا ہر سال ایک نیا ایڈیشن شائع ہوتا ہے، جس میں ہزاروں نئے الفاظ شامل ہوتے ہیںتصویر: Sascha Steinach/ZB/picture alliance

اسی طرح بائیو یا آرگینک طرز کے تو صرف پھل، سبزیاں اور فصلیں ہوتے ہیں، مگر انسانوں کے لیے بائیو کی اصطلاح استعمال کرنا بذات خود ایک منفی بات ہے۔ اس لیے کہ 'بائیو جرمن‘ سے عرف عام میں مراد ایسے جرمن باشندے لیے جا سکتے ہیں، جو نسلی، سماجی، ثقافتی اور دیگر پہلوؤں سے بھی خالص جرمن ہوں۔

کافکا کی لاپتہ دستاویزات کا آخری حصہ اب اسرائیلی لائبریری میں

اسی طرح تیسرا مجوزہ لفظ جنگ سے متعلق ہے، جس کو ایک لفظ کے طور پر زیر بحث لانے میں موجودہ جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کا کافی عمل دخل رہا ہے۔ انہوں نے یوکرینی جنگ کے تناظر میں اصطلاح  kriegstüchtig استعمال کی تھی۔

ماہرین کے مطابق یہ لسانی ترکیب اس لیے غلط ہے کہ اس کے معنی ''جنگ کے لیے اچھی طرح مسلح ہونے اور جنگی صلاحیت کا حامل ہونے‘‘ کے ہیں۔ لیکن چونکہ سبھی جنگیں انسانوں کی ہلاکت کا سبب بنتی ہیں، اس لیے جنگ سے متعلق ایسی مثبت یا توصیفی لسانی اصطلاح بھی دراصل ایک منفی پیش رفت ہے۔

جرمن ادب کے اردو تراجم: ڈی ڈبلیو کا نیا خصوصی سلسلہ

گزشتہ برس کا سب سے لایعنی نیا جرمن لفظ

ماربرگ کی جیوری نے 2024ء کے آغاز پر سال 2023ء کے لیے جس نئے جرمن لفظ کو سب سے لایعنی قرار دیا تھا، وہ Remigration تھا، جس سے مراد یہ تھی جرمنی میں پناہ کے لیے آنے والے تارکین وطن کو کسی دوسرے ملک بھجوانے اور انہیں وہاں رکھنے یا آباد کرنے کی سوچ کی عکاسی، جسے 'ری امیگریشن‘ یا مختصراﹰ Remigration کا نام دیا گیا تھا۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد کے اہم ترین جرمن ادیبوں میں سے ایک، مارٹن والزر انتقال کر گئے

ایسی کوئی بھی سوچ چونکہ سیاسی طور پر متنازعہ اور سماجی اخلاقی حوالے سے باعث تنقید سمجھی گئی تھی، اس لیے اس لفظ کو 2023ء کا Non-Word of the Year منتخب کیا گیا تھا۔

اب یہی جیوری گزشتہ برس کے لیے ایسا کون سا لفظ یا ترکیب منتخب کرتی ہے، یہ فیصلہ بھی چند روز میں ہو جائے گا۔

جرمن ادب کے امسالہ گیورگ بیُوشنر پرائز کے حقدار لُٹس زائلر

اس سارے عمل میں اہم ترین بات اس کی مقصدیت ہے، جو یہ ہے کہ لسانیاتی ماہرین عام لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کریں کہ روزمرہ کے طور پر بولے جانے والے نئے الفاظ اپنی جذباتیت اور معنویت میں کس حد تک نامناسب بھی ہو سکتے ہیں اور ان کا استعمال کرتے ہوئے کیوں بہت محتاط رہنا چاہیے۔

مقبول ملک (کے این اے کے ساتھ)