1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتجرمنی

جتنا ممکن ہو، اسمارٹ فون نظروں سے اوجھل رکھیں، ماہر نفسیات

16 نومبر 2024

اسمارٹ فون ہماری زندگیوں کا لازمی حصہ بن چکے ہیں لیکن ان کے صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ اسمارٹ فون نیند میں خرابی اور اسٹریس کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ ایک جرمن ماہر نفسیات کی اسٹریس کم کرنے کے لیے چند تجاویز!

https://p.dw.com/p/4n4jl
 نیند میں خرابی پر تحقیق کرنے والے سائنسدان سیل فون کو ''بیڈ روم سے باہر‘‘ رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں
نیند میں خرابی پر تحقیق کرنے والے سائنسدان سیل فون کو ''بیڈ روم سے باہر‘‘ رکھنے کا مشورہ دیتے ہیںتصویر: Colourbox

دوستوں سے رابطے میں رہنا، ویڈیوز یا خبریں دیکھنا، اپوائنٹمنٹ کا خیال رکھنا اور بار بار وقت دیکھتے رہنا۔ آج کے دور میں اسمارٹ فون ہماری روزمرہ کی زندگی کو تشکیل دے رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے لیے اسمارٹ فون کا استعمال بہت زیادہ ہو جاتا ہے، جس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

جرمنی کی ماہر نفسیات نکولا جانسن کہتی ہیں کہ سمارٹ کو اپنی جیب میں، دراز میں یا پھر کاغذ یا پیڈ کے نیچے رکھیں۔ اس ماہر نفسیات کے مطابق اسمارٹ فون کو نظروں سے دور رکھنا بہتر ہے۔

 نکولا جانسن کا جرمنی کی بریمر اپولون یونیورسٹی آف ہیلتھ اکنامکس میں لیکچر دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ ارتکاز یا توجہ کے ساتھ کام کرنا یا سیکھنا چاہتے ہیں تو موبائل کو خود سے رکھیں۔

ان کے مطابق کئی مطالعات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ انسانی دماغ اس وقت بھی اسٹریس ہارمونز خارج کرتا ہے، جب موبائل فون پر نوٹیفیکیشنز آتے ہیں اور آپ فقط کنکھیوں سے انہیں دیکھتے ہیں۔

سوتے وقت موبائل فون کمرے سے باہر رکھیے!

ان کا کہنا تھا کہ نیند میں خرابی پر تحقیق کرنے والے سائنسدان سیل فون کو ''بیڈ روم سے باہر‘‘ رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ نکولا جانسن کا کہنا تھا کہ سن 2010  سے سن 2017 کے درمیان نیند کی خرابی کے مسائل میں 300 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور تحقیق بتاتی ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے پھیلاؤ نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر نیند پوری نہیں ہوئی اور کوئی بھی شخص، جب دن کا آغاز کم توانائی کے ساتھ کرتا ہے، تب بھی اسٹریس کے ہارمونز خارج ہوتے ہیں، جبکہ ذہنی امراض میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہونے کی ایک اہم وجہ تناؤ ہے۔

اسمارٹ فون ہماری زندگیوں کا لازمی حصہ بن چکے ہیں لیکن ان کے صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہو رہے ہیں
اسمارٹ فون ہماری زندگیوں کا لازمی حصہ بن چکے ہیں لیکن ان کے صحت پر منفی اثرات بھی مرتب ہو رہے ہیںتصویر: Pond5 Images/IMAGO

تاہم نکولا جانسن کا مزید کہنا تھا کہ ان کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا کو برا بھلا کہنا ہرگز نہیں ہے بلکہ ان کی تحقیق کا مقصد اسٹریس کو کم یا اسے بہتر طریقے سے مینیج کرنے کے طریقے دریافت کرنا ہے۔

موبائل اور ٹیبلٹ کی نیلی روشنی، نیند کی دشمن

اس ماہر نفسیات کے مطابق مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ خاص طور پر نوجوان بیڈ سائیڈ ٹیبل پر سمارٹ فون کی وجہ سے پریشانی محسوس کرتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ سوشل میڈیا کا استعمال خود اعتمادی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ نوجوان سوشل میڈیا پر اپنا موازنہ دوسروں سے کرتے ہیں اور اس موازنے سے بچنا اتنا آسان نہیں، جتنا کہ خیال کیا جاتا ہے۔

جانسن نے مشورہ دیا کہ اپنے کمروں میں اسمارٹ فون کے بجائے الارم والی گھڑی رکھیں اور بار بار وقت دیکھنے کے لیے بھی بازو والی گھڑی کا استعمال کریں۔ 

اسٹریس میں کمی کے لیے موبائل فون کے مقررہ اوقات بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر رات آٹھ بجے کے بعد سیل فون  کا استعمال نہ کرنا۔ اسی طرح پُش نوٹیفیکیشن کو آف کرنا اور بلیک اینڈ وائٹ موڈ آن کرنا اسمارٹ فون کے استعمال کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

نکولا جانسن کے مطابق یہ تمام اقدامات کرنے سے اسٹریس لیول فوری طور پر کم ہوتا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ اپنا سمارٹ فون اپنی خواہش سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں، تو آپ کا متبادل تلاش کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ کوئی کتاب پڑھنا شروع کر دیں، کوئی ورزش کریں یا پھر چہل قدمی کے لیے نکل جائیں۔

ا ا / ش ر (کے این اے، ڈی پی اے)