1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان سے خوردنی اشیاءکی درآمد پر پابندی

6 اپریل 2011

جاپان میں نیوکلیائی تباہی کے بعد تابکاری سے آلودگی کے خدشے کے مدنظر بھارت نے جاپان سے تمام خوردنی اشیاءکی درآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/10oeE
تصویر: Greenpeace

یوں تو چین، تائیوان، سنگاپور اور امریکہ نے جاپان کی بعض مصنوعات کی درآمدپر پابندی لگا رکھی ہے لیکن بھارت پہلا ملک ہے جس نے جاپان سے تمام خوردنی اشیاءکے درآمدات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت کی طرف سے بدھ کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان کے فوکوشیما نیوکلیائی پاور پلانٹ کی تباہی کے بعد پھیلنے والی تابکاری کے مدنظر بھارت کی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (FSSAI) نے اگلے تین ماہ تک کے لیے جاپان سے درآمد کی جانے والی تمام خوردنی اشیاء پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ حکومت اس دوران ہر ہفتے صورت حال کا جائزہ لے کر اگلا قدم اٹھانے کا فیصلہ کرے گی۔

جاپان سے درآمد کی جانے والی خوردنی اشیاء پرپابندی کا فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا گیا، جس میں بورڈ آف ریڈی ایشن اینڈ آئسوٹوپس ٹیکنالوجی(BRIT)، بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر(BARC)، انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹاکسیکولوجی ریسرچ(IITR)، سینٹرل بورڈ آف ایکسائز اینڈ کسٹمز(CBEC) اور شری رام انسٹیٹیوٹ فار انڈسٹریل ریسر چ کے ماہرین نے حصہ لیا۔

رپورٹ: افتخار گیلانی، نئی دہلی

ادارت: عنبرین فاطمہ