ثبوت موجود نہیں: سلمان بٹ، محمد عامر
2 نومبر 2010پاکستان کے معطل شدہ کرکٹروں سلمان بٹ اور محمد عامر نے اپنے معطلی کی اپیل کو خارج کئے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر الزام عائد کیا ہے کہ بین الاقوامی ادارے کے پاس سپاٹ فکسنگ کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ساتھ کرکٹ کے نگران ادارے کا سلوک نامناسب ہے۔ انہوں نے دبئی میں اپنی اپیلوں کی سماعت کے بعد واپس لاہور پہنچ کر یہ بیان دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی عملی کرکٹ سے دو ستمبر سے معطل ہیں۔ ان کے علاوہ فاسٹ بولر محمد آصف بھی معطل ہیں۔
سماعت میں دونوں کی معطلی کو برقرار رکھا گیا ہے۔اب ایک بڑا کمیشن اس معاملے کی سماعت کرنے کے ساتھ ساتھ حتمی فیصلہ سنائے گا۔ لاہور پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پاس مضبوط شواہد نہیں ہیں اور بس اس معاملے میں پاکستان کو کارنر کیا جا رہا ہے۔ بٹ کے مطابق اپیلوں کی سماعت کے دوران بڑے کمیشن کے قیام اور اپیلوں کی سماعت کی تاریخ کا بھی تعین نہیں کیا گیا ہے۔ اپیل کے عمل میں شامل دوسرے کرکٹرمحمد عامرکے مطابق یہ سارا معاملہ پاکستانی کرکٹ کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔
لاہور کے ہوائی اڈے پر دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ بے قصور ہیں۔ انہوں نے کرکٹ کے عالمی نگران ادارے کی جانب سے اپیلوں کو مسترد کرنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے ایک وکیل اور سابق اوپنر بلے باز آفتاب گل نے بھی کہا ہے کہ اپیل کی سماعت کا عمل شفاف تھا لیکن فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے۔ اسی حوالے سے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف تیسرا ایک روزہ میچ منگل کو دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔ پانچ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو دوسرے ایک روزہ میچ میں حیران کن انداز میں شکست دی تھی۔ دس چھکوں سے سجی عبدالرزاق کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستانی کرکٹ ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوئی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل