1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیز گام میں آتشزدگی، ساٹھ سے زائد ہلاکتیں

31 اکتوبر 2019

کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین میں لیاقت پور کے قریب آگ لگنے کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ضلعی حکام اب تک 65 ہلاکتوں کی تصدیق کر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3SFM5
Pakistan Zugunglück - Feuer in einem Passagierzug
تصویر: Reuters/Jawedasrar Siddiqui

تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں یہ آگ لیاقت پور شہر کے قریب لگی۔ ضلعی حکام کے مطابق اب تک 65 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہونے والوں میں سے متعدد دیگر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ آگ اُس وقت لگی جب چلتی ٹرین میں کچھ مسافر گیس سلنڈر کے ذریعے کھانا پکا رہے تھے اور اس دوران سلنڈر پھٹ گیا۔ پاکستان ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید کے مطابق ان مسافروں کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا جو رائے ونڈ جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔

ہنگامی حالت سے نمٹنے والے اداروں کے ارکان ٹرین کی بوگیوں میں لگی آگ بجھا چکے ہیں اور اب تلاش کا کام جاری ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی فوج کے اہلکار اور ڈاکٹرز بھی اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے بھی فوج کا ہیلی کاپٹر بھی استعمال ہو رہا ہے۔

Pakistan Zugunglück - Feuer in einem Passagierzug
ہنگامی حالت سے نمٹنے والے اداروں کے ارکان ٹرین کی بوگیوں میں لگی آگ بجھا چکے ہیں اور اب تلاش کا کام جاری ہے۔تصویر: Reuters

زخمیوں اور مرنے والے افراد کو لیاقت پور کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی مسافروں کو ان کی تشویشناک حالت کے سبب بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال بھی بھیجا گیا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اس حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس حادثے سے محض تین ماہ قبل ہی صادق آباد کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس ایک مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 80 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

ا ب ا / ع ا (خبر رساں ادارے)