1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تعلیم کے فروغ کی مہم، میسی اور ولیمز شامل

عدنان اسحاق10 جنوری 2015

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر لیونل میسی اور ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے بچوں میں تعلیم کے فروغ کی ایک مہم میں شامل ہو گئے ہیں۔۔ اس دوران دنیا کے ان 58 ملین بچوں پر توجہ دی جائے گی، جو اسکول نہیں جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EINr
تصویر: Getty Images

ریکارڈ ساز فٹ بالر لیونل میسی اور ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز اقوام متحدہ میں بچوں کے حقوق کے ادارے یونیسف میں خیر سگالی کے سفیر ہیں۔ ان دنوں نے جمعے کی شب اپنے اس منصوبے کا آغاز کیا۔ اس منصوبے میں فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا اور قطر فاؤنڈیشن بھی شامل ہے اور تعلیم کے فروغ کے اس منصوبے میں زیادہ تر معاونت ان دونوں اداروں کی جانب سے مہیا کی جائے گی۔ اس منصوبے میں پرائمری اسکول کے بچوں پر خاص توجہ دی جائے گی۔

ابتدائی ہدف ہے کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور نیپال کے پانچ لاکھ سے زائد انتہائی پسماندہ علاقوں میں رہنے والے بچوں تک پہنچا جائے اور اس کے بعد مزید ممالک کو اس فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ اس مہم کی تشیہیر کے لیے ایک مختصر فلم بھی تیار کی گئی ہے۔ اتوار کو بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کے میچ کے دوران یہ فلم بھی دکھائی جائے گی۔ یونیسف کے ایک ترجمان جیریمی ہارٹلے کے مطابق اس مقصد کے لیے لندن میں مختلف فنکاروں کے فن پاروں کی نیلامی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم تعلیم کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے اس منصوبے پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ نیلامی کے دوران بارہ سے پندرہ ملین ڈالر جمع ہو جائیں گے۔

Serena Williams 25.10.2014
تصویر: picture-alliance/dpa

یونیسف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انتھونی لیک نے کہا ،’’ تعلیم عیاشی نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔‘‘ کلب ایف سی بارسلونا کے صدر جوزیف بارتومو کہتے ہیں، ’’ کلب نے بھرپور طریقے اس مہم کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور ہر کھلاڑی اپنی تنخواہ کا پانچ فیصد ہر سال اس مقصد کے لیے دے گا۔‘‘

لیونل میسی نے کہا کہ وہ صرف اس مقصد کے لیے اس مہم کا حصہ بنے ہیں کہ ان کے خیال میں ہر بچے کو تعلیم کی سہولت میسر ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنے خوابوں کو تعبیر دے سکے۔ سیرینا ولیمز کے مطابق ان کا مقصد ہے کہ اسکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد صفر ہو جائے۔