1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

ترکی افریقہ میں اپنا اثر و رسوخ کیسے بڑھا رہا ہے؟

28 جولائی 2024

ایک محقق کا کہنا ہے کہ ترک صدر ایردوآن افریقہ میں ترکی کو ’’مغرب کے متبادل کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔‘‘

https://p.dw.com/p/4idFy
ترکی اور صومالیہ کے جھنڈے
ترکی اور صومالیہ کے جھنڈےتصویر: Stuart Price/au-Un Ist/dpa/picture alliance

اس وقت ترکی کی جانب سے عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، بالخصوص افریقہ میں۔ حال ہی میں انقرہ نے افریقی ملک صومالیہ میں تیل اور گیس سے متعلق ایک منصوبے کا اعلان بھی کیا۔

تو آخر افریقہ میں ترکی کے اہم مفادات اور اس حوالے سے اس کے سفارتی اور اقتصادی طریقہ ہائے کار میں کیا کچھ شامل ہے؟

ترکی میں صدر رجب طیب ایردوآن دو دہائیوں سے اقتدار میں ہیں اور اس عرصے میں بر اعظم افریقہ میں ترکی کے سفارت خانوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔

اس وقت متعدد افریقی ممالک اور ان مغربی ممالک کی درمیان دوریاں بھی بڑھتی نظر آ رہی ہیں، جنہوں نے کبھی اس خطے میں اپنی نوآبادیاں قائم کر کے حکمرانی کی تھی۔ اس تناظر میں افریقہ میں ترک مفادات سے متعلق مکمل کیے گئے ایک مطالعاتی جائزے کے مصنف سیلین گجم کہتے ہیں، ''ایردوآن خود کو مغرب کے متبادل کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔‘‘

ترک صدر رجب طیب ایردوآن ایتھوپیا کے وزیر اعظم سے ہاتھ ملاتے ہوئے
ترک صدر رجب طیب ایردوآن ایتھوپیا کے وزیر اعظم سے ہاتھ ملاتے ہوئےتصویر: Emrah Yorulmaz/AA/picture alliance

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کی نسبت ترکی افریقہ میں اپنی موجودگی کے حوالے سے اپنے ''مخلص ہونے پر‘‘ بھی اکثر زور دیتا دکھائی دیتا ہے۔

ترکی نے صومالیہ، لیبیا، کینیا اور کئی دیگر افریقی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے بھی کیے ہیں، جن کے بعد ترکی میں دفاعی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے بھی کیے گئے ہیں۔

مزید یہ کہ ترکی افریقہ میں توانائی کے شعبے میں بھی دلچسپی لیتا نظر آتا ہے اور اس حوالے سے اس کا صومالیہ میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے ایک منصوبہ ستمبر یا اکتوبر میں شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ ترکی اسی طرح کے ایک منصوبے پر لیبیا میں بھی کام کر رہا ہے۔

ترک امور کے ایک فرانسیسی ماہر ڈیڈیئر بیلیوں کے مطابق ترکی ایک ''قابل اعتماد پارٹنر‘‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، خاص طور سے تعمیرات اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں۔

سن 2018 میں ترک صدر کی ترکی اور افریقی ممالک کے اشتراک کے حوالے سے ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت
سن 2018 میں ترک صدر کی ترکی اور افریقی ممالک کے اشتراک کے حوالے سے ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکتتصویر: Murat Kula/AA/picture alliance

سن 2023 میں  ترک کمپنیاں اس شعبے میں افریقہ میں متعدد ایسے منصوبوں سے منسلک تھیں، جن کی مجموعی لاگت 85.5 بلین ڈالر بنتی تھی۔

علاوہ ازیں ترکی کی قومی فضائی کمپنی ٹرکش ایئر لائنز افریقہ کے مختلف ممالک میں 62 شہروں تک پروازیں چلاتی ہے۔

افریقہ میں ترکی کا اثر و رسوخ بڑھنے کی ایک وجہ انقرہ اور کئی افریقی ممالک  کا اسلام کی وجہ سے مشترکہ مذہبی پس منظر بھی ہے۔

ترکی کی مذہبی تنظیم ٹرکش معارف فاؤنڈیشن اس وقت افریقہ میں 140 تعلیمی ادارے چلا رہی ہے، جن میں مجموعی طور پر 17 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں اور 60 ہزار افریقی طلبہ ترکی میں بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

ترکی میں مذہبی امور کے حکومتی ادارے کی جانب سے افریقہ میں فلاحی سرگرمیوں اور مساجد اور مذہبی تعلیم کے لیے تعاون میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ترکی نے اس خطے میں تعلیم اور میڈیا کے حوالے سے بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے۔

م ا ⁄ م م (اے ایف پی)