1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحلیل نفسی کرواتی ہوں، کارلا برونی کا اعتراف

15 اکتوبر 2009

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی بیوی اور سپر ماڈل کارلا برونی نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ پچھلے کافی سالوں سے ایک نفسیات دان سے تحلیل نفسی کروا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/K630
تصویر: dpa/picture-alliance

فرانسیسی خاتون اوّل نے یہ بات ایک دستاویزی فلم میں دئے گئے ایک انٹرویو میں بتائی ہے۔ تاہم برونی نے اعتراف کیا کہ وہ تحلیل نفسی کے اس عمل سے گزرنے کے لئے اپنے نفسیاتی ماہر کے سامنے بیٹھنا زیادہ پسند کرتی ہیں، نہ کہ ان کے کاؤچ پر لیٹنا۔

تحلیل نفسی کے لئے نفسیاتی امور کے ماہرین ایک کاؤچ کا استعمال کرتے ہیں، جس پر مریض بالکل سکون سے سو جاتا ہے اور یوں نفسیات دانوں کو ان کے لاشعوری ذہن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ تاہم برونی کا کہنا ہے کہ ’’کاؤچ پر لیٹنا اور تحلیل نفسی کروانا کافی مضحکہ خیز دکھائی دیتا ہے۔‘‘ برونی گزشتہ دو سال سے اپنے نفسیات دان کے سامنے بیٹھ کر تحلیلِ نفسی کے عمل سے گذر رہی ہیں کیونکہ ان کے بقول ’’یہ کافی بہتر پوزیشن ہے اور اس طرح مجھے اپنے لاشعور سے اپنے بارے میں بات کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔‘‘

Bildgalerie Jahresrückblick 2008 Februar Frankreich
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اور ان کی بیوی کارلا برونیتصویر: AP

41 سالہ کارلا برونی کہتی ہیں کہ جب وہ 28 سال کی عمر کو پہنچی تھیں، تب ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ کچھ سالوں تک ذہنی دباؤ کا شکار رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تحلیل نفسی کروانے کا یہ عمل آج سے 8 سال قبل شروع کیا۔

52 منٹ طویل اس دستاویزی فلم کا ٹائیٹل ہے The First Session اور یہ سات نومبر کو فرانسیسی ٹی وی چینل ’’فرینچ تھری‘‘ پر پیش کی جائے گی۔ اس ڈاکومینٹری میں ان تمام نامور فرانسیسی شخصیات سے، جو تحلیل نفسی کرواچکے ہیں یا کروارہے ہیں، ان کے اس عمل کے بارے میں ابتدائی تجربات کو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان مشہور شخصیات میں فیشن ڈیزائنر کارل لاگر فیلڈ اور فلم میکر کلوڈ شابغول بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی