تحریک طالبان میں پھوٹ، حکیم اللہ محسود ہلاک
8 اگست 2009اس واقعہ سے گزشتہ دو روز سے پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا میں گردش کرنے والی بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی مبہم خبرکی تصدیق ہو رہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق طالبان کے مابین جنگ کی صورتحال اس وقت پیدا ہو گئی جب بیت اللہ محسود کے جانشین کے انتخاب کے سلسلے میں طالبان کے مشاورتی اجلاس شوریٰ میں حکیم اللہ اور ولی اللہ کے گروپوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حکیم اللہ ہلاک ہوگئے ہیں۔
بعض اطلاعات کے مطابق واقع میں ولی اللہ محسود بھی ہلاک گئے ہیں۔ تاہم وزیرداخلہ رحمان ملک نے ان میں سے ایک کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مزید معلومات وہ ابھی عام نہیں کرنا چاہتے۔ رحمان ملک نے مزید کہا ہے کہ بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں کردی جائے گی۔
اس سے قبل حکیم اللہ محسود نے اپنے ایک بیان میں بیت اللہ محسود کی ہلاکت کی خبروں کی تردید کی تھی۔ حکیم اللہ محسود کو بیت اللہ محسود کے بعد تحریک طالبان کے سربراہ کے لئے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔ تاہم ان کی کم عمر کے باعث مجلس شوریٰ کے اعلیٰ رہنماؤں میں اختلافات پیدا ہو گئے جو اس تصادم کی صورت میں سامنے آئے۔
رپورٹ کشور مصطفیٰ
ادارت عاطف توقیر