1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تائیوان ميں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، ملکی فوجی سربراہ ہلاک

2 جنوری 2020

تائيوان کی وزارت دفاع نے جمعرات کی صبح ايک فوجی ہيلی کاپٹر کے تباہ ہونے کے واقعے ميں ملکی فوج کے سربراہ اور سات دیگر افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/3VaQT
Taiwan - Verteidigungsminister Shen Yi-ming
تصویر: picture-alliance/AP/J. Lai

تائيوان کی وزارت دفاع نے ملکی چيف آف جنرل اسٹاف جنرل شين يی منگ کی ہلاکت کی تصديق کر دی ہے۔ جنرل شين سات ديگر افراد کے ہمراہ اس ہيلی کاپٹر حادثے ميں ہلاک ہوئے، جو دارالحکومت تائی پے کے نواح ميں واقع پہاڑوں ميں جمعرات کی صبح گر کر کريش ہو گيا۔ حادثے ميں ان کے ساتھ سات ديگر افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ پانچ افراد بچ بھی گئے۔

وزارت دفاع کے بيان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ ’بليک ہاک‘ ہيلی کاپٹر پر مجموعی طور پر تيرہ افراد سوار تھے اور اس نے نا معلوم وجوہات کی بناء پر پہاڑوں ميں کريش لينڈنگ کی۔ ابتداء ميں ایسی خبريں گردش کر رہی تھيں کہ فوجی چيف لاپتہ ہيں تاہم کچھ دير بعد ان کی ہلاکت کی تصديق کر دی گئی۔

حادثے کا شکار بننے والے ہیلی کاپٹر ميں موجود سینئر فوجی افسران تائیوانی قمری سال سے پہلے فوجیوں سے ملاقات کے لیے تائی پے سے شمال مشرقی شہر ایلان روانہ تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ حادثہ کس وجہ سے ہوا۔

تائیوان کی فضائیہ کے سربراہ ہاؤ چی نے تائی پے میں ہونے والی ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ واقعہ کیسے اور کیوں پیش آيا، اس بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس کیس کی تفتیش کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل  دے دی گئی ہے۔‘‘

تائیوان میں اسی ماہ عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ واضح رہے کہ چين اب بھی تائيوان پر اپنا حصہ ہونے کا دعوی کرتا ہے اور يہ اميد لگائے بيٹھا ہے کہ ايک نہ ايک دن يہ ملک چين ميں ضم ہو سکے گا جبکہ تائيوان خود کو ايک خود مختار ملک تسليم کرتا ہے۔

ز ص، ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں