1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیٹے کی پیدائش، برطانوی شاہی خاندان خوش

امتیاز احمد23 جولائی 2013

برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنے بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اتنے خوش کبھی بھی نہیں ہوئے تھے۔ ولیم کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے پیر کی دوپہر بیٹے کو جنم دیا۔

https://p.dw.com/p/19C6h
تصویر: Reuters

برطانوی شاہی خاندان کے گھر میں اس نئی خوشی کے موقع پر برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور امریکی صدر باراک اوباما نے بھی مبارکبادی پیغامات ارسال کیے ہیں۔ اکتیس سالہ ولیم بچے کی پیدائش کے موقع پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ تھے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے شاہی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ زچہ و بچہ دونوں ہی خیریت سے ہیں۔ شاہی خاندان کے مطابق پیدائش کے وقت اس نئے مہمان کا وزن آٹھ پاؤنڈ اور چھ اونس تھا۔

Kate und William KORREKTUR neu
شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن اپریل 2011ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔تصویر: picture-alliance/dpa

اکتیس سالہ ولیم نے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی پیدائش پر انتہائی خوش ہیں۔ ولیم اور میڈلٹن نے پیدائش سے قبل اپنی اولاد کی جنس جاننے کی کوشش نہیں کی تھی، اس لیے کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ بیٹا ہو گا یا بیٹی۔

جیسے ہی شاہی خاندان کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ برطانوی تخت کا تیسرا دعویدار اس دنیا میں آ گیا ہے تو عوام کی ایک بڑی تعداد خوشیاں مناتے ہوئے بیکنگھم پیلس پہنچ گئی۔ پرنس چارلس اور شہزادہ ولیم کے بعد اب یہ نومولود بادشاہ بننے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہو گا۔

شاہی خاندان کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق میڈلٹن کو پیر کی صبح سینٹ میریز ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور انہوں نے عالمی وقت کے مطابق تین بجکر چوبیس منٹ پر لڑکے کو جنم دیا۔ وہ ایک رات پیڈنگٹن میں واقع اسی ہسپتال میں ہی گزاریں گی۔ یہ وہی ہسپتال ہے جہاں 1982ء میں شہزادی ڈیانا نے پرنس ولیم کو جنم دیا تھا۔

ستاسی سالہ ملکہء برطانیہ اور ولی عہد چارلس نے بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ 64 سالہ پرنس چارلس کا کہنا ہے کہ اپنے پہلے پوتے کی پیدائش پر وہ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے۔ ابھی تک اس بچے کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن اپریل 2011ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔