1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیروت کار بم دھماکا، امریکا تفتیش میں لبنان کی مدد کرے گا

22 اکتوبر 2012

امریکی محکمہ خارجہ نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت بیروت میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے کی تفتیش میں لبنان کی مدد کرے گی۔ اس دھماکے میں لبنان کے خفیہ ادارے کے سربراہ ہلاک ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/16UAt
تصویر: Reuters

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے بتایا کہ اتوار کو امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کو ٹیلی فون کیا اور جمعے کو ہونے والے حملے کی مذمت کی، جس میں لبنانی خفیہ ایجنسی کے سربراہ جنرل وسام الحسن سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

نولینڈ کے مطابق کلنٹن اور میقاتی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکا اس حملے کی تحقیقات میں لبنان کی مدد کرے گا۔ نولینڈ نے کہا کہ جمعے کے روز بیروت میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت امریکا نے پرزور انداز میں کی اور واشنگٹن حکومت لبنان کی سالمیت، استحکام، آزادی اور خودمختاری کی بھرپور انداز میں حمایت کرتی ہے۔

Treffen von Assad und Brahimi
لخضر براہیمی نے دمشق میں شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات کیتصویر: picture-alliance/dpa

ادھر اتوار کے روز بیروت میں اپوزیشن کی کال پر بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اپوزیشن جماعتیں عوامی سطح پر ان حملوں کے تانے بانے شامی حکومت سے جوڑ رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت پر الزام عائدکر رہیں کہ اس نے ان حملوں کے جواب میں شامی حکومت کے خلاف موثر اقدامات نہیں اٹھائے۔ حکومت مخالف ان مظاہرین نے اتوار کے روز وزیراعظم کے دفتر پر حملے کی کوشش بھی کی، جسے پولیس نے آنسو گیس کے استعمال سے ناکام بنایا۔ مظاہرین وزیراعظم سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اقتدار سے الگ ہو جائیں۔

اتوار کے روز بیروت میں ان مظاہروں کا آغاز شام کے خلاف احتجاج سے ہوا، تاہم بعد میں یہ مظاہرے حکومت مخالف احتجاج میں تبدیل ہو گئے۔ حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس مسئلے کو سیاسی رنگ اختیار نہ کرنے دیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی مندوب برائے شام لخضر براہیمی نے دمشق میں شامی صدر بشار الاسد سے ملاقات کی۔ براہیمی نے بعد میں شامی حکومت اور باغیوں سے اپیل کی کہ وہ عید الاضحیٰ کے موقع پر مکمل فائربندی کا اعلان کریں اور ہر طرح کے تشدد سے اجتناب برتیں۔ ان کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ان کی دمشق میں موجودگی کے دوران ایک پولیس اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے۔

at /sks (AFP)