1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی صوبے بہار میں زہریلی شراب پینے سے درجنوں افراد ہلاک

جاوید اختر، نئی دہلی
15 دسمبر 2022

بہار کے سارن ضلعے میں شراب پینے سے تقریباً 40 افراد کی موت کے بعد اس پر سیاست بھی شروع ہوگئی ہے۔ بھارت میں پانچ صوبوں میں شراب کی خریدوفروخت پر پابندی ہے تاہم وہاں بھی شراب پینے کے باعث اموات کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Kxtb
Indien, Bihar | Mehrere Tote nach Konsum von selbstgebranntem Schnaps
تصویر: IANS

بہار کے سارن ضلعے کے مسرخ اورعیسیٰ پور قصبات میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب تک 39 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ بہت سے افراد زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ضلع انتظامیہ نے اس سانحہ کے سلسلے میں اب تک 40 مشتبہ شراب اسمگلروں کو حراست میں لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس واقعے کی انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے۔

بہار بھارت کے ان پانچ صوبوں میں شامل ہے جہاں شراب بندی قانون نافذ ہے یعنی شراب کی خریدو فروخت قانوناً ممنوع ہے۔ جن دیگر صوبوں میں شراب بندی قانون نافذ ہے ان میں گجرات، میزورم، ناگالینڈ اور لکش دیپ شامل ہیں۔ تاہم اس قانون کی خلاف ورزی اور اس کے نتیجے میں لوگوں کی ہلاکتوں کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

اسی برس جولائی میں گجرات میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم 42 افراد ہلاک جب کہ 92 افراد بیمار ہو گئے تھے۔

سیاست بھی شروع

بہار میں زہریلی شراب پینے سے لوگوں کی ہلاکت کے بعد صوبائی اور ملکی دونو ں سطح پراس معاملے پر سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔

بہار میں حکمراں جنتا دل یونائیٹیڈ کی سابق حلیف بھارتیہ جنتا پارٹی نے صوبائی وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر الزام لگایا کہ ان کی غلط شراب بندی پالیسی کی وجہ سے معصوم لوگوں کی موت ہو رہی ہے۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا کہنا تھا کہ نتیش کمار شراب بندی کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور انہیں اس پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا، "نتیش کمار کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، ملاوٹی اور زہریلی شراب پینے کی وجہ سے اکثر لوگوں کی اموات ہورہی ہے اور ریاست میں شراب سے وابستہ جرائم کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔"

بہار سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ایک دیگر رکن پارلیمان نشی کانت دوبے کا کہنا تھا، "بہار میں عملاً شراب پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہ صرف نتیش کمار کے انا کا معاملہ ہے۔"

بھارت میں شراب نوشی کیوں بڑھ رہی ہے؟

پارلیمان میں آج اس معاملے پر ہنگامہ کی وجہ سے کارروائی پندرہ منٹ کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔ اس دوران  بی جے پی کے اراکین نے بہار اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔

نتیش کمار کا جواب

اپوزیشن کی جانب سے نکتہ چینی پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار خاصے ناراض ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "جو شراب پیئے گا وہ تو مرے گا ہی، مثال سامنے ہے، پیوگے تو مروگے۔" انہوں نے کہا کہ جب شراب پر پابندی ہے تو لوگ اسے پیتے کیوں ہیں؟

بھارتی گجرات میں زہریلی شراب سے سو سے زائد افراد ہلاک

شراب پر سخت ترین پابندی لیکن جیلیں شرابیوں سے بھری ہوئی

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کا نام لیے بغیر کہا کہ دیگران ریاستوں میں بھی بڑی تعداد میں لوگ شراب پینے سے موت کا شکار ہو رہے ہیں جہاں اس پر پابندی ہے۔

بہار میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے رواں برس اب تک 80 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں
بہار میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے رواں برس اب تک 80 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیںتصویر: AP

کچھ لوگ شراب کے حق میں بھی

نتیش کمار نے سن 2016 میں متنازعہ شراب بندی قانون نافذ کیا تھا۔ اس کے باوجود صوبے میں شراب کی خریدوفروخت ہوتی رہی ہے۔

مختلف مقامات پرغیر قانونی طریقے سے دیسی شراب بھی تیار اور فروخت کی جاتی ہے۔ زہریلی شراب پینے کی وجہ سے رواں برس اب تک 80 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

زہریلی شراب پینے سے بیسیوں بھارتی شہری ہلاک، درجنوں بیمار

تاہم بعض سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شراب کو قانونی طور پر ممنوع نہیں قرار دیا جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ کیرالا اور ہریانہ جیسے صوبوں نے بھی شراب بندی قانون منظور کیے تھے لیکن ان کے نفاذ میں عملی دشواری کو دیکھتے ہوئے یہ قانون واپس لے لیے۔

شراب صحت کے لیے بہتر ہے یا مضر، سچ کیا ہے؟

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید