1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی وزیر اعظم مودی کا عمران خان کو مبارک باد کا ٹیلی فون

30 جولائی 2018

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی سیاست دان عمران خان کو پیر تیس جولائی کے روز ٹیلی فون کر کے انہیں پاکستان میں پچیس جولائی کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر مبارک باد دی۔

https://p.dw.com/p/32LL1
نریندر مودی اور عمران خان کی دسمبر دو ہزار پندرہ میں نئی دہلی میں ملاقات کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: MEA India

پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے میڈیا سیل کی طرف پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس گفتگو کے دوران ہندو قوم پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان سے، جن کا پاکستان کا اگلا وزیر اعظم بننا یقینی ہے، کہا کہ بھارت میں مودی کی قیادت میں ملکی حکومت پاکستان کے ساتھ ’تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز کے لیے تیار‘ ہے۔

پاکستانی میڈیا نے یہ بھی بتایا ہے کہ نریندر مودی نے عمران خان کے ساتھ ٹیلی فون پر اس گفتگو میں یہ بھی کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی خاطر ایک مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کے مطابق اس بات چیت میں عمران خان نے نریندر مودی کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عمران خان نے اپنی پارٹی کو پاکستان کی وفاقی پارلیمان میں ملنے والی انتخابی برتری کے بعد اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ ان کی قیادت میں جو نئی ملکی حکومت بنے گی، اس کی کوشش ہو گی کہ پاکستان کے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے بھارت پاکستان کی طرف ایک قدم بڑھے گا تو پاکستان بھارت کی طرف دو قدم بڑھائے گا۔

م م ، ع ب / ع ب، م م