1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں جھڑپیں، پچاس افراد زخمی

29 مئی 2019

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مظاہرین نے باغیوں کو حکومتی فورسز کے محاصرے سے بھاگ نکلنے میں مدد کی۔ اس دوران بھارتی سکیورٹی فورسز اور مقامی مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں کم از کم پچاس افراد زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/3JRIN
Indien Proteste in Kaschmir
تصویر: Shuaib Bashir

یہ واقعہ بدھ انتیس مئی کے روز اس وقت پیش آیا جب بھارتی سکیورٹی فورسز نے باغیوں کا محاصرہ کر لیا لیکن کشمیر مظاہرین ان محصور باغیوں کی مدد کرنے کے لیے پہنچ گئے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارت مخالف جنگجوؤں کی حمایت میں مظاہرے تو اکثر دیکھے جاتے ہیں لیکن ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ مقامی افراد کی مدد سے باغی محاصر توڑ کر فرار ہو جائیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بدھ کے روز کلگام کے علاقے میں ایک مکان میں چھپے دو مبینہ باغیوں اور بھارتی سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ بھارتی پولیس اور فوج کے اہلکاروں نے اس مکان کا محاصرہ کر لیا۔ اس دوران ہزاروں مقامی شہری ان باغیوں کی مدد کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھر برسائے اور باغیوں کو وہاں سے بھاگ نکلنے میں مدد کی۔ اس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے براہ راست فائرنگ کی اور پیلٹ گن بھی استعمال کی۔ ہسپتال ذرائع اور انتظامیہ کے مطابق گولیاں اور پیلٹ لگنے کے باعث کم از کم پچاس مظاہرین زخمی ہو گئے۔

بھارتی پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اپنی شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’مکان کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا لیکن بھگدڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں موجود جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تباہ شدہ مکان سے کوئی لاش نہیں ملی۔‘‘ اس اہلکار نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس دوران صرف تین مظاہرین زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو گولی لگی جب کہ دو افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگے۔

ہستال ذرائع کے مطابق پچاس سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم مذکورہ اہلکار کا کہنا تھا کہ دیگر مظاہرین کو صرف خراشیں آئی ہیں اس لیے انہیں زخمی نہیں کہا جا سکتا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند جنگجو کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے خواہش مند ہیں اور وہ اسی مقصد کے لیے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں تعینات پانچ لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں سے لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ش ح / ع ح (اے ایف پی)