بھارت کی طرف سے پرتھوی ٹو کا تجربہ
18 جون 2010350 کلو میڑ تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اس میزائل کو چندی پور کے Integrated Test Range سینٹرسے چھوڑا گیا۔ یہ سینٹر اڑیسہ کے دارالحکومت بھوبانیشور سے 230 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
ITR کے ڈائریکٹر ایس پی دیش کے مطابق پرتھوی ٹو نامی اس میزائل کا تجربہ کامیاب رہا۔ پرتھوی، جس کے سنسکرت میں معنی زمین کے ہیں، ان پانچ میزائلوں میں سے ایک ہے جو بھارتی ادارے 'ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلیپمنٹ آرگنائزیشن' DRDO نے تیار کئے ہیں۔
اس میزائل کی لمبائی نو میٹر ہے جب کہ اس کا قطر ایک میٹر ہے۔ یہ میزائل جوہری اسلحے سمیت 500 کلو گرام تک وزن کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پرتھوی کے دو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے پہلے ہی بھارتی بری اور فضائی افواج مسلح ہیں۔ بھارت کی ملٹری اور سائنس دان اس طرح کے تجربات وقتاﹰ فوقتاﹰ کرتے رہتے ہیں۔ گزشتہ مارچ میں بھی نئی دہلی نے پرتھوی ٹو کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
رپورٹ: عبدالستار
ادارت: افسر اعوان