1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

شمشیر حیدر
10 جولائی 2019

کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو اٹھارہ رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

https://p.dw.com/p/3LrbY
West Indies v India - ICC Cricket World Cup 2019
تصویر: Getty Images/D. Sarkar

برطانیہ اور ویلز میں جاری ورلڈ کپ کرکٹ کا پہلا سیمی فائنل نیوزی لینڈ نے جیت لیا۔ مانچسٹر میں کھیلا گیا یہ میچ گزشتہ روز شروع ہوا تھا تاہم بارش کے باعث کھیل مکمل نہ ہو سکا۔ آج دس جولائی کے روز میچ دوبارہ وہیں سے شروع کیا گیا جہاں گزشتہ روز بارش کے بعد روک دیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 239 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کے لیے دو سو چالیس رنز کا ہدف بظاہر بہت آسان دکھائی دیتا تھا۔

تاہم کیوی گیند بازوں نے پہلے تین اوورز ہی میں پانچ کے مجموعی رنز پر بھارت کے تین انتہائی اہم بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔

ہینری نے عالمی کپ میں مسلسل اچھی بلے بازی کرنے والے ٹاپ اسکورر روہت شرما اور راہول کو آؤٹ کیا، دونوں کا انفرادی اسکور ایک ایک رہا۔

بھارتی کپتان کوہلی صرف ایک رن ہی بنانے کے بعد بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

ابتدا ہی میں اہم ترین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد وہی آسان دکھائی دینے والا ہدف انتہائی مشکل دکھائی دینے لگا۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں نے شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی۔ کانت اور کارتھک کے مابین انیس، کارتھک اور پانڈیا سینتالیس جب کہ دھونی اور پانڈیا نے اکیس رنز کی شراکت داری قائم کی۔

تیس اوورز میں محض 92 رنز کے مجموعی اسکور پر چھ بھارتی کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ اس کے بعد دھونی اور جدیجا کی پارٹنرشپ بھارت کو کھیل میں واپس لے آئی۔

جدیجا نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے صرف انسٹھ گیندوں پر 77 رنز بنا ڈالے اور یوں دکھائی دینے لگا جیسے بھارت میچ جیت جائے گا۔ اڑتالیسویں اوور میں جدیجا 208 کے مجموعی اسکور پر بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اگلے ہی اوور میں ایم اس دھونی پچاس کے انفرادی اسکور پر دوسرا رن لیتے ہوئے گپٹل کی عمدہ تھرو کے باعث رن آؤٹ ہو گئے اور یوں بھارت کی آخری امید بھی دم توڑ گئی۔ پچاسویں اوور میں بھارت کی پوری ٹیم 221 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے یہ میچ اٹھارہ رنز سے جیت لیا۔

عمدہ گیند بازی کرنے والے میٹ ہنری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 239 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کا آغاز بھی کافی محتاط تھا اور کیویز نے پہلے دس اوورز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر ستائیس رنز بنائے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی اننگز کے سینتالیسویں اوور میں 211 کے مجموعی اسکور پر بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ مسلسل خراب موسم کے باعث کھیل آج دوبارہ وہیں سے شروع کیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیلر اور ولیمسن بلترتیب 74 اور67 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھنیشور کمار نے دس اوورز میں تینتالیس رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید