1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: ووٹنگ کے آخری دن پولنگ عملے کے 33 اہلکار ہلاک

2 جون 2024

بھارت کے الیکشن چیف کے مطابق ووٹنگ کے آخری دن صرف ایک ریاست میں ہیٹ اسٹروک سے پولنگ عملے کے تینتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان دنوں بھارت کے مختلف حصے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/4gXqf
BDTD Indien Wahlen Hitze
پولنگ کے آخری دن 33 پولنگ اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیںتصویر: Priyanshu Singh/REUTERS

بھارت کے مختلف حصوں سے گرمی کی وجہ سے متعدد اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کئی بھارتی علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ ایک ہی دن پولنگ عملے کے درجنوں افراد کی ہلاکت اس معاملے کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔

شمالی ریاست اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے بتایا ہے کہ پولنگ کے آخری دن وہاں 33 پولنگ اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز اتر پردیش کے شہر جھانسی میں درجہ حرارت 46.9 ڈگری سیلسیس (116 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا تھا۔

جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی گارڈز اور صفائی کے عملے کے افراد بھی شامل ہیں۔

چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے نامہ نگاروں کو بتایا، ''مرنے والوں کے اہل خانہ کو 1.5 ملین روپے کا مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔‘‘

 پولنگ کے آخری دن 33 پولنگ اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں
پولنگ کے آخری دن 33 پولنگ اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیںتصویر: Sahiba Chawdhary/REUTERS

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص پانی کی کمی کا شکار ہوتا ہے تو شدید گرمی کی وجہ سے اس کا خون گاڑھا ہو جاتا ہے اور اس کے بعد جسمانی اعضاء کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

نودیپ رِنوا نے ایک الگ واقعے کی اطلاع دی، جس میں اتر پردیش کے بلیا شہر میں ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑا ایک شخص انتظار کرتے ہوئے ہوش کھو بیٹھا۔ نودیپ رِنوا کا مزید کہنا تھا، ''ووٹر کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔‘‘

بھارت میں شدید گرمی کی لہر کوئی پہلی مرتبہ نہیں آئی لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اس مرتبہ قبل از وقت گرمی کی لہر آئی ہوئی ہے اور یہ شدید بھی ہے۔ گرمی کی اس لہر نے بھارت کے ہمسایہ ملک پاکستان کے متعدد علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

بھارت میں ہونے والے قومی انتخابات کئی مراحل پر مشتمل تھے۔ اس دوران پارلیمانی امیدواروں نے ملک بھر میں سفر کیا اور انتخابی مہم چلائی۔ پولنگ ورکرز دور دراز کے دیہاتوں تک پہنچے اور ووٹرز شدید گرمی کے باوجود گھنٹوں قطار میں کھڑے رہے۔

ا ا / ر ب (اے ایف پی)