1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں مال گاڑی کی مسافر ٹرین سے ٹکر، پندرہ افراد ہلاک

17 جون 2024

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں آج پیر سترہ جون کے روز ایک مال گاڑی نے ایک کھڑی ہوئی مسافر ریل گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں حکام کے مطابق کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/4h96O
ریل گاڑیوں کے اس تصادم میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے
ریل گاڑیوں کے اس تصادم میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئےتصویر: Diptendu Dutta/AP Photo/picture alliance

مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ریلوے حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ مال گاڑی کے ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا، جس نے ایک سرخ سگنل کو نظر انداز کرتے ہوئے اور اپنی کارگو ٹرین کو چلاتے ہوئے اپنا سفر جاری رکھا۔

بھارت: ٹرین ڈرائیور کے بغیر کیسے چلتی رہی؟ تفتیش کا حکم

مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس تصادم کے بعد مال بردار ریل گاڑی پر لدے بہت سے کنٹینر پٹڑیوں کے آس پاس گرے ہوئے دیکھے گئے جبکہ پیچھے سے لگنے والی ٹکر کے نتیجے میں جائے حادثہ پر کھڑی ہوئی مسافر ٹرین کی ایک بوگی تو زمین پر جیسے عمودی طور پر کھڑی ہو گئی تھی۔

تمام زخمی ریکسیو کر لیے گئے

مغربی بنگال بھارت کی ایک مشرقی ریاست ہے، جس کے ضلع دارجلنگ میں پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار ابھیشیک رائے نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس حادثے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 44 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں آخری اطلاعات ملنے تک ریکسیو کیا جا چکا تھا۔

حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیوں  میں مصروف ہو گئے تھے
حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہو گئے تھےتصویر: Diptendu Dutta/AFP/Getty Images

ابھیشیک رائے نے مزید بتایا کہ اس حادثے کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ سے وہ بوگیاں ہٹانے میں مصروف ہو گئے تھے، جو مال گاڑی کی مسافر ٹرین سے ٹکر کے نتیجے میں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

مسافروں سے بھری بھارتی ٹرین انجن سے کٹ کر میلوں تک سفر میں

بھارتی ریلوے حکام کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ حادثے کے وقت مسافر ریل گاڑی میں کتنے افراد سوار تھے۔ مال گاڑی نے جس مسافر ریل گاڑی کو پیچھے سےآتے ہوئے ٹکر ماری، اس کا نام کنچن جنگا ایکسپریس تھا اور وہ شمال مشرقی بھارتی ریاست تری پورہ سے مغربی بنگال کے ریاستی دارالحکومت کولکاتہ جا رہی تھی۔

کارگو ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ریل گاڑی کی بھی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

معمول کی ریلوے ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں

بھارت میں ملک گیر ریلوے نیٹ ورک کے منتظم ادارے کی ایک اعلیٰ اہلکار جیا ورما سنہا نے اس حادثے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ مرنے والے کم از کم 15 افراد میں مال بردار ریل گاڑی کا ڈرائیور اور مسافر ٹرین کا ایک گارڈ بھی شامل ہیں۔

کارگو ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ریل گاڑی کی بھی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں
کارگو ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں مسافر ریل گاڑی کی بھی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیںتصویر: Diptendu Dutta/AP Photo/picture alliance

کچھ دیر پہلے کولکاتہ سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام تک امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر اپنی ریسکیو کارروائیاں مکمل کر چکی تھیں اور ریلوے ٹریک کے متاثرہ حصے پر معمول کی ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔

بھارت: ٹرین کے پٹری سے اترنے پر متعدد افراد ہلاک

گزشتہ برس مغربی بنگال کی ہمسایہ ریاست اوڈیشہ میں بھی ایک ٹرین حادثے میں 288 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ پچھلے دو عشروں کے دوران بھارت میں کسی ٹرین کا سب سے ہلاکت خیز حادثہ تھا اور اس کی وجہ بھی ایک ریل سگنل کی ناکامی بننی تھی۔

م م / ش ر (روئٹرز، اے پی)