1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں تاوتے سمندری طوفان سے متعدد افراد ہلاک

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
18 مئی 2021

طاقتور سمندری طوفان تاوتے سے سب سے زیادہ تباہی گجرات اور مہا راشٹر ریاستوں میں ہوئی ہے جہاں ہزاروں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3tXTW
Weltspiegel 18.05.2021 Indien Zyklon Tauktae
تصویر: SUJIT JAISWAL/AFP via Getty Images

بحیرہ عرب سے اٹھنے والے سمندری طوفان تاوتے نے بھارت کی متعدد ریاستوں میں تباہی مچا دی ہے جس کی وجہ سے اب تک 20 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے آج منگل 17 مئی کو سمندری طوفان تاوتے کی شدت کو ''انتہائی شدید‘‘ سے کم کر کے اب ''زیادہ شدید‘‘ کے زمرے میں شامل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اس کی شدت میں مزید کمی ہونے کی توقع ہے۔

یہ طوفان منگل کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے جب گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا  تو اس وقت تقریباً ڈیڑھ سو کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔ حکام کے مطابق منگل کی صبح اس طوفان سے ریاست گجرات میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ پڑوسی ریاست مہا راشٹر میں چھ افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔

BdTD Indien Zyklon Tauktae in Mumbai
تصویر: Sujit Jaiswal/AFP

گزشتہ روز اسی کی وجہ سے ریاست کرناٹک کے ایک ساحلی گاؤں میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ  تقریباً 120 گاؤں بری طرح متاثر ہوئے۔ گزشتہ شام کو ریاست کیرالا کے وزير اعلٰی پنرئی وجیئن نے اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ ان کی ریاست میں بھی اب تک  آٹھ افراد طوفان تاوتے سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ساحلی علاقوں کے 1500 سو گاؤں تباہ ہو گئے ہیں۔

 بھارت میں قومی آفات پر نگاہ رکھنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے مطابق طوفان کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ہیں جس کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے ممبئی ہوائی اڈے سے تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی جبکہ بہت سی ٹرینوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق تیز رفتار ہوائیں چلنے سے اب تک تقریباً 17 ہزار مکانات منہدم ہو چکے ہیں جبکہ 40 ہزار سے بھی زیادہ پیڑ جڑوں سے اکھڑ  گئے۔  اس طوفان کی آمد سے ایک دن قبل ہی تقریباً دو لاکھ افراد کو  ساحلی علاقوں سے محفوظ مقام پر پہنچایا گيا تھا لیکن اس دوران اور بھی بہت سے لوگوں کو جان بچانے کے لیے اپنے گھروں سے دور جا کر پناہ لینا پڑی ہے۔

TABLEAU Bildergalerie Indien | Zyklon Tauktae, Mumbai
تصویر: Rafiq Maqbool/AP/picture alliance

غیر سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ ابھی بھی کئی ساحلی علاقوں میں طوفان کے اثرات باقی ہیں اور اور نقصان کا ابھی صحیح اندازہ لگانا بہت مشکل ہے۔ گجرات، مہا راشٹر اور تمل ناڈو کے کئی ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اب بھی جاری ہیں۔

تاوتے کا مطلب

تاوتے برمی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں انتہائی سرگرم یا زیادہ بولنے والی چھپکلی۔ سمندری طوفانوں کے نام رکھنے کے حوالے سے جنوبی ایشیائی ملکوں کا ایک پینل ہے، جسے پینل آن ٹراپیکل سائیکلون (پی ٹی سی) کہا جا تا ہے۔ اس پینل میں ابتدا میں سات ممالک تھے، جن کی تعداد بڑھ کر اب 13 ہو گئی ہے۔ پی ٹی سی میں تمام ممالک کے محکمہ موسمیات کے درمیان سن 2004ء میں یہ طے پایا تھا کہ طوفانو ں کے نام ایسے ہونے چاہییں، جو یاد رکھنے میں آسان اور ادا کرنے میں سہل ہوں۔ ہر ملک نے اپنی اپنی طرف سے ناموں کی ایک فہرست پیش کی، جو سن 2020ء تک کے لیے تھیں۔ سن 2020ء میں ناموں کی نئی فہرست مرتب کی گئی۔ ہر ملک سے 13، 13 نام مانگے گئے اور اس طرح مجموعی طور پر 169ناموں کی ایک فہرست مرتب ہو چکی ہے۔

’فانی‘ بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

حروف تہجی کے لحاظ سے بنگلہ دیش کے بعد اس مرتبہ سمندری طوفان کا میانمار کی طر ف سے تجویز کردہ نام رکھا گیا۔

گزشتہ روز پاکستانی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا  کہ تاوتے سمندری طوفان سے پاکستان کو کسی طرح کا خطرہ لاحق نہیں ہے اور یہ ٹھٹھہ سے تقریباً 730کلومیٹر جبکہ کراچی سے 800 کلومیٹر دور جا چکا ہے۔

بھارت میں سمندری طوفان ’وردھا‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں