بھارت: ’فانی‘ کل جمعے کو بھارت سے ٹکرائے گا
2 مئی 2019خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئی دہلی حکومت نے شمال مشرقی ساحلی پٹی سے مزید دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے اور اس طرح ریاست اڑیسہ میں سمندری طوفان ’فانی‘ کی وجہ سے محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے والوں کی تعداد آٹھ لاکھ کے لگ بھگ ہو گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ’فانی‘ نامی یہ سمندری طوفان خلیج بنگال میں پیدا ہو رہا ہے اور یہ مندروں کے حوالے سے مشہور شہر ’پوری‘ سے جمعے کی صبح ٹکرائے گا۔ اس موقع پر اس علاقے سے سیاحوں اور مقامی افراد کو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے باہر نکالا گیا ہے، جس کے بعد ساحل بالکل ویران ہو چکے ہیں۔
حکام نے بتایا، ’’شہریوں کو اسکولوں، خصوصی مراکز اور دیگر عمارتوں میں رکھا گیا ہے۔‘‘ بھارتی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ فانی کے ساتھ 170 سے 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں بھی ہیں اور اسے خطرے کے حساب سے تیسرے درجے میں رکھا گیا ہے۔
حکام نے ریاست کی دو اہم بندرگاہوں پر کام بھی روک دیا ہے جبکہ بحری جہازوں کو بندرگارہ سے دور لنگر انداز کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی طرح کے نقصان سے بچا جا سکے۔
اڑیسہ کی انتظامیہ نے کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی سو اہلکار تعینات کیے ہیں۔ اس دوران تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ 15 مئی تک ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔