1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: طنزیہ گیت گانے پر لوک گلوکارہ کے خلاف حکومتی نوٹس

جاوید اختر، نئی دہلی
22 فروری 2023

معروف بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ نے اپنے گیت میں انہدامی کارروائیوں کے دوران ایک ماں بیٹی کی ہلاکت پر اترپردیش کی یوگی حکومت پر طنزکیا ہے۔ پولیس نے ان پر"فرقہ وارانہ تفریق اور کشیدہ حالات پیدا کرنے" کے الزامات لگائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4NoeP
Indien Yogi Adityanath Chief Minister Uttar Pradesh
تصویر: MONEY SHARMA/AFP

متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ سول سوسائٹی اور فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کو پولیس کی جانب سے نوٹس دیے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

بھارت: کشمیر میں بھی بلڈوزر سے انہدام کی کارروائی شروع

اترپردیش میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی یوگی حکومت کی پولیس نے منگل 21 فروری کو معروف بھوجپوری گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کو ایک قانونی نوٹس دیا۔ یہ نوٹس ریاست کے کانپور دیہات میں مبینہ غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ پر طنز کرنے کی وجہ سے دی گئی ہے۔ تجاوزات ہٹانے کے دوران ایک جھونپڑی میں ماں اور بیٹی کی زندہ جل جانے سے موت ہو گئی تھی۔

'یوپی میں کا با'

نیہا سنگھ راٹھور نے پچھلے ہفتے ہی اپنی بھوجپوری گیت 'یوپی میں کا با' (اترپردیش میں کیا ہے؟) کا ویڈیو جاری کیا تھا، جو بہت جلد وائرل ہو گیا۔ اس گیت میں 45 سالہ پرمیلا دکشت اور ان کی 20 سالہ بیٹی کی ان کی جھونپڑی میں مبینہ طورپر پولیس کے ذریعہ زندہ جلا دینے کے دردناک واقعے کو بیان کیا گیا ہے اور یوگی حکومت پر طنز بھی کیا گیا ہے۔

بھارت میں اتر پردیش حکومت کا ’آپریشن لنگڑا‘ کیا ہے اور کیوں؟

اترپردیش پولیس نے کل رات نیہا کے گھر جاکر انہیں ایک نوٹس دیا جس میں ان پر سماج میں "دشمنی اور کشیدگی کی صورت پیدا کرنے" کا الزام لگایا گیا ہے۔ نوٹس میں ان سے ڈھیر سارے سوالات بھی پوچھے گئے ہیں اور تین دن کے اندر ان کا جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

طرح طرح کے سوالات

نیہا سنگھ راٹھور سے ان کے سوشل میڈیا چینل کے حوالے سے بھی کئی سوالات پوچھے گئے ہیں۔ مثلاً ان سے پوچھا گیا ہے کہ کیا ویڈیو میں جو خاتون دکھائی دے رہی ہیں وہ خود ہیں؟ کیا یہ گیت خود ان کا لکھا ہوا ہے؟ اگر انہوں نے یہ گیت خود نہیں لکھا ہے تو کیا نغمہ نگار نے ان سے اس گیت کو لکھنے کی باضابطہ اجازت لی تھی؟ کیا انہوں نے خود ہی اس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی تھی؟ کیا انہوں نے خود ہی اسے یو ٹیوب چینل پر ڈالا تھا؟

بھارت میں اب فلم صنعت بھی فرقہ پرستی کے نرغہ میں!

نوٹس میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ اس گیت نے سماج میں دشمنی اور کشیدگی پیدا کر دی ہے؟

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے، "اگر آپ کا جواب اطمینان بخش نہیں ہوا تو آپ کے خلاف بھارتی تعزیرات اور مجرمانہ قوانین کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، تفتیش کی جائے گی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔"

پولیس اقدامات کی نکتہ چینی

گوکہ نیہا سنگھ راٹھور پچھلے برس اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے خلاف اپنی طنزیہ گیتوں کی وجہ سے زیادہ مقبول ہوئی ہیں لیکن اس سے قبل وہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کو بھی طنزیہ گیتوں کے ذریعہ نشانہ بنا چکی ہیں۔

متعدد رہنماوں نے نیہا سنگھ کے خلاف پولیس کے اقدام کی شدید نکتہ چینی کی ہے۔ ان میں اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا شامل ہیں۔

بھارت میں بی بی سی کے خلاف حکومتی کارروائی پر عالمی ردعمل

سسودیا نے ٹوئٹر پر لکھا، "جب مقبول گلوکارہ نیہا سنگھ بے خوف ہوکر سوالات پوچھ رہی ہیں، تو بی جے پی حکومت نے پولیس کے ذریعہ ان کے گھر پر نوٹس بھجوا دیا...کیا بی جے پی ایک لوک گلوکارہ سے اتنی زیادہ خوف زدہ ہے؟ افسوس ناک۔ یہ انتہائی شرمناک ہے۔"

نیہا سنگھ راٹھور کون ہیں؟

نیہا سنگھ سن 1997میں بہار کے کیمور ضلعے میں پیدا ہوئیں۔ ان کے سوشل میڈیا پروفائل کے مطابق وہ اپنے لوک گیتوں کے ذریعہ بھوجپوری گیتوں کے "وقار کو بحال کرنے کی جنگ" لڑ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ آج کل بھوجپوری گیتوں میں فحاشی کی بھرمار ہوتی ہے۔ لیکن نیہا سنگھ راٹھور سماجی مسائل مثلاً جہیز، بدعنوانی اور بے روزگاری نیز سیاست کو اپنی گیتوں کا موضوع بناتی ہیں۔

بھارت:جاوید اختر کے دورہ پاکستان سےشدت پسند ہندو ناراض کیوں؟

وہ سن 2022میں اترپردیش اسمبلی انتخابات کے دوران "یوپی میں کابا" سریز کے اپنے لوک گیتوں کی وجہ سرخیوں میں آئی تھیں۔ اس سے قبل سن 2020 میں ان کی "بہار میں کا با" سریز بھی کافی مقبول ہوئی تھی۔

کانپور یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ نیہا سنگھ راٹھور کے یوٹیوب چینل پر تقریباً نو لاکھ فالوورز ہیں۔ ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر بھی ان کے مداحوں کی کافی تعداد ہے۔