1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: خواتین سیاست دانوں کوٹوئٹر پر گالیاں اور دھمکیاں

جاوید اختر، نئی دہلی
23 جنوری 2020

بھارت میں حالیہ برسوں کے دوران سیاست میں خواتین کی شرکت میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن اسی کے ساتھ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف اہانت آمیز اور نازیبا حملے بھی کافی بڑھ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3WgEF
Twitter Tweets
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Warnecke

حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے گزشتہ عام انتخابات کے دوران خواتین سیاست دانوں کو ٹوئٹر پر ہر روزاوسطاً ایک سو اہانت آمیز ٹوئیٹس بھیجے گئے۔ ہر سات میں سے ایک ٹوئیٹ اہانت آمیز تھا جن میں انہیں گالیاں یا دھمکیاں دی گئی تھیں۔یہ ٹوئیٹس گزشتہ برس مارچ اور مئی کے درمیان  95 بھارتی خواتین سیاست دانوں کوبھیجے گئے تھے۔

ایمنسٹی نے سات ملین ٹوئیٹس میں سے بالترتیب ایک لاکھ 14ہزار 716ٹوئیٹس کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے۔ جن خواتین سیاست دانوں کو یہ ٹوئیٹس بھیجے گئے تھے ان میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا اور اسمبلیوں کی اراکین نیز سیاسی پارٹیوں کی عہدیدار، ترجمان اور موجودہ اور سابق وزرائے اعلٰی شامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ مجموعی طور پر 13.8فیصد ٹوئیٹس میں گالی گلوچ کا استعمال کیا گیا۔ جب کہ مسلم خواتین سیاست دانوں کی تقریباً 95 فیصد ٹرولنگ ان کے مذہب کی وجہ سے کی گئی۔ رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بیشتر ان سیاست دانوں کو نشانے پر لیا گیا جن کا تعلق حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی سے نہیں تھا۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی سے تعلق رکھنے والی خواتین سیاست دانوں کے مقابلے میں دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین سیاست دانوں کو56.7 فیصد زیادہ گالیاں دی گئیں۔

Amnesty International Logo
رپورٹ کے مطابق مسلم خواتین سیاست دانوں کی تقریباً 95 فیصد ٹرولنگ ان کے مذہب کی وجہ سے کی گئی۔ تصویر: picture-alliance/dpa

حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمان لاکٹ چٹرجی نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون سیاست دان کو صرف اس بنیاد پرکہ وہ عورت ہے آن لائن نشانہ بنانا قطعی درست نہیں ہے۔ خواہ ایسا کرنے والے کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد ہوں۔ ان کا کہنا تھا، ”آپ سیاسی نظریات پر حملہ کیجیے، اس میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن کسی کی ذاتیات پر حملہ نہیں کیا جانا چاہیے کیوں کہ یہ خواتین کے وقار کے خلاف ہے۔"

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں بھارت میں خواتین سیاست دانوں کو زیادہ توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ برطانیہ کے مقابلے میں 13.8فیصد اور امریکا کے مقابلے میں 7.1 فیصد زیادہ ہے۔

بھارتی سیاست دانوں کی ٹرولنگ کرنے والے انہیں فحش گالیاں بھی دیتے ہیں۔ ان کے لیے 'چڑیل‘، 'طوائف‘ اور 'فاحشہ‘ جیسے الفاظ کا بھی استعمال کیا جاتا ہے اور انہیں پاکستان بھیجنے کی بھی مسلسل دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ نتائج کے بارے میں ٹوئیٹر کی انتظامیہ کو نومبر میں ہی مطلع کیا تھا اور کافی طویل خط و کتابت کے بعد ٹوئیٹر نے ایمنسٹی کو بتایا کہ انہوں نے اپنی ٹیکنالوجی کو بہتر بنایا ہے اور متعدد اکاؤنٹس کو معطل یا بلاک کردیے ہیں۔

ایمنسٹی کا خیال ہے کہ 'ٹوئٹر خواتین کے آن لائن حقوق کا احترام کرنے کی اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔‘ اس نے ٹوئیٹر کو بھارت کی علاقائی زبانوں پر مزید توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا کیوں کہ علاقائی زبانوں میں خواتین کے خلاف آن لائن تشدد کے واقعات زیادہ ہو رہے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ٹوئیٹر کو خواتین کے خلاف تشدد پر قابو پانے کی اپنی کوششوں کو زیادہ بہتر بنانے اور مواد کو شائع کرنے کے عمل کو زیادہ شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔