1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اور جاپان عسکری تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم

22 اکتوبر 2018

جاپان کو امید ہے کہ بھارت کے ساتھ ملٹری لاجسٹک ڈیل کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جس کی بدولت دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے عسکری اڈوں کو استعمال کر سکیں گی۔ معاہدے کا مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/36yVc
Indien Luftwaffe Hindustan Aeronautics Limited (HAL) Tejas - Kampfflugzeug
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Nv

جاپان کو امید ہے کہ بھارت کے ساتھ ملٹری لاجسٹک ڈیل کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جس کی بدولت دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے عسکری اڈوں کو استعمال کر سکیں گی۔ اس معاہدے کا مقصد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پیر کے دن بتایا ہے کہ بھارت اور جاپان ایک ایسے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششوں میں ہيں، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے فوجی اڈوں کو استعمال کرنے کے قابل ہو سکیں گی۔ ’عسکری انتظامی معاہدے‘ ACSA کا مقصد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو محدود کرنا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ویک اینڈ پر جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وہ اپنے جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے ساتھ ملاقات کے علاوہ دونوں ممالک کی سالانہ سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف ان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے بلکہ اقتصادی تعاون میں بھی گرمجوشی نوٹ کی گئی ہے۔ جاپان اور بھارت، امریکا کے ساتھ مل کر بحر ہند اور بحر الکاہل میں سہ ملکی بحری مشقتیں بھی سر انجام دے چکے ہیں۔

Indien Ahmadabad Besuch Shinzo Abe
تصویر: Getty Images/AFP/P. Singh

بھارت کے لیے جاپانی سفیر کیجنی ہیراماتسو نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین عسکری تعاون میں زیادہ قربت اور بہتری وقت کے تقاضوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم امید کرتے ہیں ACSA کو حتمی شکل دینے کی خاطر باقاعدہ مذاکراتی عمل شروع ہو جائے گا۔‘‘ اس ڈیل کی بدولت جاپانی بحری جہاز اہم بھارتی بحری اڈوں پر ایندھن اور دیگر سہولتوں کے لیے لنگر انداز ہو سکیں گے۔ اسی طرح بھارتی بحری جہاز بھی جاپانی بندگارہوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سن دو ہزار سولہ میں ایسی ہی ایک ڈیل امریکا کے ساتھ بھی کی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قبل کی امریکی حکومتیں چین کے تحفظات کی وجہ سے یہ ڈٰیل کرنے سے کتراتی رہی تھیں۔ تاہم ٹرمپ نے چینی تحفظات کے باوجود بھارت کے ساتھ اس ڈیل کو ممکن بنا دیا۔ چین نے ماضی میں کئی مرتبہ کہا ہے کہ بین الاقومی اور پیچیدہ فوجی مشقیں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہیں۔

ع ب / ع س، نيوز ايجنسياں