1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بڑھتی مہنگائی، کانگریس کے لئے نئی پریشانی

17 جنوری 2011

بھارت میں روزمرہ اشیائے صرف کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے معاملے پر اب حکمراں اتحاد کے رہنما بھی ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے لگے ہیں اور اس سے کانگریس کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/zyTW
تصویر: AP

کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے صاحبزادے اور مستقبل کے متوقع وزیر اعظم راہول گاندھی نے اپنے ایک بیان میں ’اتحادی سیاست‘ کو بڑھتی مہنگائی کا ذمہ دار ٹہرایا تھا۔

ان کے اس بیان کے فوری بعد وزیر زراعت و خوراک شرد پوار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قیمتوں کے تعین کی ذمہ داری کانگریس کے وزیر اعظم من موہن سنگھ سمیت داخلہ و خزانہ کے وزیر ، معاشی امور کے صلاح کار اور پلاننگ کمیشن پر بھی عائد ہوتی ہے۔

Indien Montag-Streik
گزشتہ سال تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایک احتجاج کا منظرتصویر: AP

پوار، نئی دہلی کی اتحادی حکومت میں شامل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ راہول گاندھی نے بظاہر اتحادیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں کانگریس پارٹی اکیلے حکومتی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھارہی تھی جبکہ اب اتحادی حکومت ہے جس کے ساتھ کچھ مجبوریاں جُڑی ہیں۔

اگرچہ مجموعی قومی پیداور کے اعداد و شمار بھارت کو ایک پھلتی پھولتی معیشت کے طور پر دکھارہے ہیں تاہم بڑھتی مہنگائی، بالخصوص کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے بھارتی عوام میں بے چینی کی لہر پائی جاتی ہے۔ اس جنوب ایشیائی ریاست میں مہنگائی کی شرح نو فیصد تک جاپہنچی ہے۔

اس ضمن میں زیادہ تشویشناک بات، خوراک کے سیکٹر میں افراط زر کی شرح کا ڈبل ڈجٹ یعنی 18 فیصد تک پہنچ جانا ہے۔ بھارت کے مرکزی بینک کے مطابق مارچ کے آخر میں قدرے بہتری کا امکان موجود ہے۔

ہفتہ اور اتوار کی شب ایندھن کی قیمتوں میں 4.5 فیصد کے اضافے کو اپوزیشن نے بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کیا گیا تازہ اضافہ عوام کو لوٹنے کے مترادف ہے۔ مالیاتی اسکینڈلز میں گِری نئی دہلی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اصلاحات متعارف کروانے میں تاحال ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

Premierminister Manmohan Singh und der Generalsekretaer der Kongresspartei Rahul Gandhi
راہول گاندھی کو اگلے بھارتی وزیر اعظم کے طور پر دیکھا جارہا ہےتصویر: UNI

ان تنازعات کی پارلیمانی تحقیقات کے مطالبے پر قائم اپوزیشن، حکومت کو پارلیمان میں کسی صورت بھی قانون سازی کا موقع نہیں دے رہی۔ بی جے پی کے سربراہ نیتھن گڈکری اب مہنگائی کے معاملے پر سڑکوں پر آنے کا اعلان بھی کرچکے ہیں۔

بھارت میں کرائے گئے ایک حالیہ عوامی جائزے کے مطابق جس تناسب سے کانگریس پارٹی کی مقبولیت میں کمی ہورہی ہے اس کے تحت اگلے انتخابات میں وہ پارلیمان کی کم از کم 40 نشستوں سے محروم ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں اس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات بھی انتہائی حد تک کم ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں