بُش۔اوباما ملاقات مثبت، تعمیری اور دوستانہ: وائٹ ہاوٴس
11 نومبر 2008چار نومبر کے صدارتی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما، پیر کی دوپہر، اپنی اہلیہ مشیئل اوباما کے ہمراہ پہلی مرتبہ وائٹ ہاوٴس گئے۔
وائٹ ہاوٴس کی پریس سیکرٹری پیرینو نے کہا کہ دونوں رہنماٴوں کے مابین اختلافات کے باوجود مثبت بات چیت ہوئی۔
’’بے شک دونوں کے درمیان پالیسوں کے حوالے سے اختلافات ہیں لیکن دونوں ہی اپنے ملک کے ساتھ محبّت کرتے ہیں، اور وطن کے تئیں محبّت کو مدنظر رکھتے ہوئے، دونوں ہی ایک ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ آگے بڑھا جاسکے۔‘‘
وائٹ ہاوٴس کی خاتون ترجمان نے بُش۔اوباما ملاقات کو تعمیری، دوستانہ، اور اچھا قرار دیا جبکہ خود جارج بُش نے بھی اوباما کے ساتھ اپنی ملاقات کو ’’دوستانہ‘‘ قرار دیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بُش۔اوباما ملاقات میں مالیاتی بحران کے علاوہ عراق اور افغانستان کی جنگوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
واشنگٹن میں ڈان نیوز کے بیورو چیف، انور اقبال نے بُش۔ اوباما ملاقات کے حوالے سے بتایا: ’’سی این این سمیت دیگر امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بُش۔اوباما ملاقات کے دوران موجودہ اقتصادی بحران کے ساتھ ساتھ افغانستان اور عراق کی جنگیں بھی زیر بحث آئیں۔‘‘