1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں پاکستان کی پہلی فتح

عاطف بلوچ9 مئی 2015

میر پور ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 328 رنز سے مات دے کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی ہے۔ اس دورے کے دوران پاکستان کی یہ پہلی کامیابی تھی۔

https://p.dw.com/p/1FNIn
تصویر: Tariq Saeed

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 221 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں تین جبکہ دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ رہی۔ اس ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جب میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کا 63 کے مجموعی اسکور پر ایک کھلاڑی آؤٹ تھا۔ تاہم یاسر شاہ اور عمران خان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے مومن الحق کے سوا بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز مزاحمت نہ دکھا سکا۔ مومن 68 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے جلد ہی کامیابی سمیٹ لی۔ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر شہادت حسین زخمی ہونے کے باعث دونوں اننگز میں بلے بازی نہ کر سکے۔

قبل ازیں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز چھ کھلاڑی آؤٹ 195 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ یوں بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لیے 551 رنز کا ہدف ملا۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے شاندار نصف سنچری بنائی۔ وہ 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو انہوں نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ چوتھے دن کے کھیل میں بنگلہ دیشی بلے باز ایک پہاڑ جیسے ٹارگٹ کے تعاقب میں لڑکھڑا گئے اور چائے کے وقفے سے قبل ہی پاکستان یہ میچ جیت چکا تھا۔

پاکستانی بلے باز اظہر علی کو اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 226 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کیریئر میں یہ ان کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ اس کے علاوہ یونس خان نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 148 رنز بنائے تھے۔ یوں انہوں نے ماضی کے مایہ ناز آسڑیلوی بلے باز ڈان بریڈمین کی انتیس سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی اسد شفیق رہے، جنہوں نے 107 رنز بنائے، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری تھی۔

Cricket Cricketspieler Azhar Ali
پاکستانی بلے باز اظہر علی کو اس میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاتصویر: Tariq Saeed

میچ کے بعد کپتان مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کامیابی کو انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے دوران اس پہلی جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد اس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی، ’’یہ ضروری ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی جائے کیونکہ اس نے بہت اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلا ٹیسٹ میچ برابر کر دیا جو ایک طرح سے اس کی جیت تھی۔ میں مستقبل میں اس ٹیم کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوﺍ۔‘‘

بنگلہ دیشی ٹیسٹ کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ ان کی ٹیم اپنے منصوبوں کو عملی جامہ نہ پہنا سکی جس کی وجہ سے انہیں شکست ہوئی، ’’اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سے حالات ہمارے حق میں نہ گئے۔ بالخصوص بولنگ میں ہمیں محنت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم بیس کھلاڑی آؤٹ نہیں کر سکتے تو ٹیسٹ میچ جیتنا ممکن نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ آئندہ سیریز میں وہ بولنگ پر زیادہ توجہ مرکوز کریں گے تاکہ اچھے نتائج حاصل کیے جا سکیں۔