بنگلہ دیش اوربلغاریہ میں انتھراکس،سینکڑوں افرادمتاثر
6 ستمبر 2010بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے انتھراکس کے خطرناک پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بنگلہ دیش کے شمالی علاقوں میں 325 سے زائد افراد اس بیماری سے متاثر جبکہ 150 سے زائد جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔
بنگلہ دیش میں انتھراکس کی موجودگی کی پہلی اطلاع ضلع سراج گنج میں19 اگست کو موصول ہوئی تھی، جو کہ دارالحکومت ڈھاکہ سے 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق متاثرین، انتھراکس کے شکار جانوروں کا گوشت کھانے کی وجہ سے بخار میں مبتلا ہوگئے تھے۔
بنگلہ دیش کے وزیر برائے ماہی گیری اور لائیوسٹاک عبدالطیف بِسواس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتھراکس سے بچاؤ کے لئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے سول سرجنز، ہیلتھ ورکرز اور لائیوسٹاک سے متعلق حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انتھراکس سے متاثرہ جانوروں کا کھوج لگا کر انہیں جلد از جلد تلف کر دیا جائے۔
بسواس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انتھراکس ویکسین کے پانچ لاکھ انجکشن بھجوا دئے گئے ہیں جبکہ دوا ساز کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اس ویکسین کی فوری طور پر مزید تیاری کریں۔
ادھر مشرقی یورپی ملک بلغاریہ میں بھیڑوں میں انتھراکس کی موجودگی کے دو واقعات کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ بلغاریہ میں محکمہء حیوانات کی جانب سے جاری کردہ ایک حالیہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میں بھیڑیں ذبح کرنے والے دو افراد میں جلد کی ایک بیماری تشخیص کی گئی تھی۔
بلغاریہ میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انتھراکس کا یہ دوسرا تصدیق شدہ کیس تھا۔ بلغاریہ کے محکمہ لائیوسٹاک کے مطابق گزشتہ تیس برس کے دوران اس علاقے میں انتھراکس کی موجودگی کا پہلا واقعہ ہے۔ مزید یہ کہ اس سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں۔
جانور عام طور پر چارہ کھاتے ہوئے اس پر موجود مخصوص بیکٹیریا اپنے جسم میں لے جانے کی وجہ سے انتھراکس سے متاثرہوتے ہیں۔ انتھراکس سے متاثرہ جانوروں کے ساتھ رہنے والے یا ایسے جانوروں کا گوشت کھانے والے بھی اس بیماری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ تاہم انتھراکس کی بیماری انسان سے انسان کو منتقل نہیں ہوتی۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک