1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنکاک اور نواحی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

12 اپریل 2009

گزشتہ روز پتایا کے مقام پر مظاہروں اور نتیجتاً آسیان اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد تھائی حکومت نے پتایا میں کچھ دیر کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔ اب دارلحکومت بنکاک اور اس کے نواحی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/HVBm
مظاہرین نے حکومت کو پریشان کیے رکھا ہےتصویر: AP

اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم تھاکشن شناواترا کے حامی مظاہرین نے وزارتِ داخلہ کی عمارت پر دھاوا بول دیا جہاں سے وزیرِ اعظم ابھیسیت ویجاجیوا کو بزریعہ گاڑی باہر نکالا گیا۔ تھائی افواج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ تھائی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ ایمرجنسی کے بعد پانچ افراد سے زیادہ کے اجتماع پر پابندی اورمیڈیا پر قدغن کے علاوہ فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔

Thailand Proteste
حکومت مخالف مظاہریبن نے آسیان اجلاس کے التوا کو اپنی کامیابی قرار دیا ہےتصویر: AP

تھائی پولیس نے مظاہرین کے رہنماؤں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی ہیں اور وزیرِ اعظم ابھیسیت ویجا جیوا نے کہا کہ کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائی گی۔

گزشتہ روز آسیان اجلاس ملتوی ہونے کے بعد آسیان رہنماؤں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے اجلاس کی جگہ سے باہر نکال لیا گیا۔ اس سے قبل تھائی وزیرِ اعظم ابھی سیت ویجاجیوا نے کہا تھا کہ حکومت کی اولّین تریجح آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے آئے رہنماؤں کو بحفاظت ان کے ممالک واپس بھجوانا ہے۔

Asean Proteste Thailand
ہفتے کے روز ایک ہزار کے قریب مظاہرین آسیان اجلاس کی جگہ دھاوا بولنے میں کامیاب ہوگئےتصویر: AP


سرخ قمیصوں میں ملبوس ہزاروں مظاہرین سابق تھائی وزیرِ اعظم تھاکشن شناواترا کے حامی تھے۔ اجلاس کے دوران یہ مظاہرین اجلاس کی جگہ داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد حکومت نے اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس سے قبل کئی ماہ تک تھائی حکّام نے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے تھے تاہم مظاہرین نے ان کو درہم برہم کردیا۔ حکومتی ترجمان کے مطابق مظاہرے اس قدر ’پرتشدّد‘ تھے کہ اجلاس جاری رکھنا ناممکن تھا۔

Abhisit Vejjajiva
مظاہرین وزیرِ اعظم ابھسیت ویجاجیوا کو فوج کا کٹھ پتلی وزیرِاعظم قراردیتے ہیں اور ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیںتصویر: picture alliance / landov


سابق تھائی وزیرِ اعظم تھاکشن شناواترا کے حامی موجودہ تھائی وزیرِ اعظم کو فوج کی جانب سے ایک کٹھ پتلی وزیرِ اعظم قرار دیتے ہیں۔

مذکورہ آسیان اجلاس عالمی اقتصادی بحران کے تناظر میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی اس تنظیم کا ایشیا کی سطح پر بحران سے مقابلے کے لےی حکمتِ عملی تیّار کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا تھا۔

Asean Gipfel in Thailand
آسیان اجلاس عالمی اقتصادی بحران کے تناظر میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی اس تنظیم کا ایشیا کی سطح پر بحران سے مقابلے کے لےی حکمتِ عملی تیّار کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا تھتصویر: AP

لندن میں دنیا کی مضبوط معیشتوں یعنی گروپ ٹونٹی کی سربراہی کانفرنس کے تقریبا ایک ہفتہ بعد تھائی لینڈ میں آسیان کی سربراہی کانفرنس میں موجودہ عالمی معاشی بحران کے خلاف اقدامات سے متعلق مشورے کئے جانے تھے۔ سربراہی اجلاس میں شریک ملکوں کے مابین اس کانفرنس سے قبل ہی 120 بلین ڈالر مالیت کے ایک امدادی پیکج پراتفاق رائے ہو گیا تھا جس کے ذریعے خطے میں اقتصادی بحران کے اثرات کا مقابلہ کیا جائے گا۔

ہفتے کے روز ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین پولیس کی جانب کھڑی کی گئی رکاوٹیں عبور کرکے اس ہوٹل تک پہنچے میں کامیاب ہوگئے جہاں اس کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا تھا۔ تھائی لینڈ کے سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ کانفرنس پروگرام کے مطابق جاری رہے گی اور وہ مظاہرین کو وہاں سے ہٹنے کے لئے کہا جارہا ہے لیکن اگر انہوں نے بات نہیں مانی تو مجبورا انتظامیہ کو کارروائی کرنا پڑے گی۔

سابق وزیر اعظم تھاکسن شنا واترا کے حامی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک موجودہ وزیر اعظم اپنے عہدے سے استعفی نہیں دیتے۔ تاہم ملک میں جاری مظاہروں کے رد عمل میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم ابی سیت ویجا جیوا نے کہا ہے کہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گے اور حکومت پرتشدد احتجاج کو روکنے کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔