1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا:چیمپئن بائرن کا سب سے زیادہ پوائنٹس کا نیا ریکارڈ

28 اپریل 2013

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کا اکتیسواں میچ ڈے جمعہ، 26 مارچ سے شروع ہو چکا ہے۔ آج اس سلسلے میں چھ میچ کھیلے گئے۔ رواں سیزن کی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے فرائی برگ کو ہرا کر مسلسل چودہویں کامیابی حاصل کی۔

https://p.dw.com/p/18OQY
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کو ریکارڈ میچ ڈیز میں جیتنے والی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے ہفتے کے روز فرائی بُرگ کی ٹیم کو ایک سخت میچ میں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست سے دو چار کر دیا۔ رواں سیزن کے دوران چیمپئن کلب بائرن کی یہ مسلسل چودہویں جیت ہے۔ بائرن میونخ نے اسی ہفتے کے دوران منگل کے روز یورپی کلبوں کے اہم ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل راؤنڈ کے پہلے مرحلے میں ہسپانوی کلب بارسلونا کو چار گول سے شکست دے کر فائنل میچ کھیلنے کے لیے کسی حد تک اپنی راہ کو ہموار کر لیا ہے۔ اب پہلی مئی کو بارسلونا کے شہر میں بائرن کی ٹیم سیمی فائنل مرحلے کا جوابی میچ کھیل رہی ہے۔

Fußball Bundesliga Borussia Dortmund gegen Fortuna Düsseldorf
ڈورٹمنڈ کی اس وقت بنڈس لیگا میں دوسری پوزیشن ہےتصویر: Getty Images

ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں بائرن کی ٹیم نے کامیابی حاصل کر کے لیگ ٹیبل پر اپنے پوائنٹس کی تعداد کو 84 پر پہنچا دیا ہے اور ابھی تین میچ ڈیز باقی ہیں۔ زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کا ریکارڈ گزشتہ برس ڈورٹمنڈ نے بنایا تھا اور وہ 81 تھا۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کا آخری میچ ڈے اگلے مہینے کی اٹھارہ تاریخ سے شروع ہو گا۔ چیمپئنز لیگ کا میچ کھیلنی والی بائرن میونخ کی ٹیم میں ہفتے کے روز کم از کم دس تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ فرائی برگ کے خلاف میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول پہلے ہاف میں سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جردان شاچیری نے کیا۔

ہفتے ہی کے روز لیگ ٹیبل کی دوسری پوزیشن کی حامل اور گزشتہ برس کی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ نے بھی اپنا میچ جیت کر اپنے پوائنٹس کی تعداد 64 کر لی ہے۔ ڈورٹمنڈ کلب کی ٹیم میں بھی دس تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ ڈورٹمنڈ نے ڈسلڈورف فورٹونا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ کی جانب سے فیصلہ کن گول ترک نژاد کھلاڑی نوری شاہین نے کیا۔

Fußball Bundesliga 31. Spieltag: Wolfsburg Borussia Moenchengladbach
وولفس برگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ہرایاتصویر: Getty Images

یہ امر اہم ہے کہ اسی ہفتے کے دوران بدھ کی شام میں چیمپئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں ڈورٹمنڈ نے معتبر ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی تھی۔ پرسوں منگل یعنی تیس اپریل کی شام اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ڈورٹمنڈ کو سیمی فائنل راؤنڈ کے دوسرے مرحلے میں ریال میڈرڈ فٹ بال کلب کا سامنا ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے بقیہ میچوں میں ویردر بریمن کوبائر لیورکوزن سے ایک گول سے ہارنا پڑا۔ بریمن کی ٹیم اس وقت قدرے ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ لیور کوزن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن کی حامل ہے۔ بریمن کلب اس وقت چودہویں پوزیشن پر ہے۔ وولفس برگ نے مؤنشن گلاڈ باخ کو ہرایا۔ تنزلی کا سامنا کرنے والی ٹیم ہوفن ہائیم نے نیورمبرگ کو شکست دی۔

تنزلی کا سامنا کرنے والی ایک اور ٹیم آؤگزبرگ کی ہے اور اس نے اشٹٹ گارٹ کو تین گول سے مات دی۔ ہوفن ہائیم اور گروئتھرفیورتھ کی ٹیمیں سر دست یقینی تنزلی کا سامنا کر رہی ہیں۔ آؤگزبرگ کی ٹیم کو بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول کی تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم سے میچ کھیلنا ہو گا اور اس میں کامیابی کے بعد ہی یہ طے ہو گا کہ وہ سیکنڈ لیول میں جاتی ہے یا ٹاپ لیگ میں رہے گی۔ آؤگزبرگ کو امکاناً یہ میچ کائزرزلاؤٹرن کلب کے خلاف کھیلنا ہو گا۔

(ah/zb(Reuters,dpa