1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا تیسرا میچ ڈے مکمل

عابد حسین26 اگست 2013

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے تیسرے میچ ڈے کی تکمیل پر ڈورٹمنڈ کلب کو بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ دوسری پر لیور کوزن اور تیسری پوزیشن پر دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم ہے۔

https://p.dw.com/p/19Vw4
تصویر: Ronny Hartmann/Bongarts/Getty Images

اتوار کے روز جو دو میچ کھیلے گئے، ان میں ایک آئنٹراخٹ فرینکفرٹ اور آئنٹراخٹ براؤن شوائیگ کے درمیان تھا۔ فرینکفرٹ کی ٹیم نے گزشتہ دو میچوں میں شکست کھائی تھی۔ اتوار کو فرینکفرٹ کی ٹیم نے بنڈس لیگا کے سیکنڈ لیول سے درجہ اول کے لیے کوالیفائی کرنے والی نئی ٹیم آئنٹراخٹ براؤن شوائیگ (Eintracht Braunschweig) کو ہرایا۔ تیسرے میچ ڈے کا آخری میچ آؤگز برگ اور اشٹٹ گارٹ کے درمیان تھا۔ اس میچ میں اشٹٹ گارٹ کو شکست کا سامنا رہا۔ اپنے ہوم گراؤنڈ پر آؤگز برگ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کو شکست سے دوچار کر دیا۔ تین میچ ڈیز کے بعد آئنٹراخٹ براؤن شوائیگ اور اشٹٹ گارٹ کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔

بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کو ریڈ کارڈ کا ویک اینڈ قرار دیا گیا ہے۔ تین ایام کے دوران کھیلے جانے والے مختلف نو میچوں میں ریفریوں کی جانب سے کُل آٹھ کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میچ سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ بنڈس لیگا کی پچاس سالہ تاریخ میں کسی بھی ایک میچ ڈے کے دوران یہ سب سے زیادہ ریڈ کارڈ دکھائے گئے۔ اتوار کے روز اشٹٹ گارٹ اور آؤگز برگ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران ابرایما تاؤرے کو ریڈ کارڈ دکھا کر جب گراؤنڈ سے باہر کیا گیا تو وہ آٹھواں کھلاڑی تھا جسے ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ جن دوسری کلبوں کے کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، ان میں ہوفن ہائیم، شالکے، ہینوور، اور فرائی برگ شامل ہیں۔ ہفتے کے روز پانچ اور جمعے کو دو ریڈ کارڈ دکھائے گئے تھے۔

Fußball Bundesliga 22. Spieltag Borussia Dortmund - Eintracht Frankfurt
تیسرے میچ ڈے کی تکمیل پر ڈورٹمنڈ کلب کو بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل ہےتصویر: Getty Images

تین میچ ڈے کے مکمل ہونے پر گزشتہ سال دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ڈورٹمنڈ کو بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ اس نے تین میچ کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کیے۔ دوسری پوزیشن پر لیورکوزن کلب ہے۔ اس نے بھی تین میچ کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ جرمنی کے ریکارڈ ساز فٹ بال کلب اور دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کے بھی 9 پوائنٹس ہیں۔ ابھی ٹاپ پوزیشن حتمی نہیں ہے کیونکہ مزید 31 میچ ڈیز باقی ہیں۔

بنڈس لیگا کے تین میچ ڈیز مکمل ہو گئے ہیں۔ اب تک سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز مائنز فٹ بال کلب کے فٹ بالر نکولائی میولر کے پاس ہے، اس نے تین میچوں میں چار گول کیے ہیں۔ دوسری پوزیشن پر پانچ مختلف کھلاڑی ہیں اور انہوں نے تین تین گول کر رکھے ہیں۔ تیسرے مقام پر کئی کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو دو گول کرنے کے بعد یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔ بنڈس لیگا کے چوتھے میچ ڈے کا ایک میچ 27 اگست کو شیڈیول کیا گیا ہے اور بقیہ میچز اگلے ہفتے اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔