1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا آغاز آج سے

عابد حسین9 اگست 2013

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے نئے سیزن کا آغاز آج جمعے کے روز سے ہو رہا ہے۔ بنڈس لیگا میں کل 34 میچ ڈیز ہوتے ہیں۔ بائرن میونخ کلب دفاعی چیمپیئن ہے۔

https://p.dw.com/p/19Mj8
تصویر: Reuters

بنڈس لیگا کی نئی چیمپیئن شپ کا اِفتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن بائرن اور مؤنشن گلاڈباخ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بائرن کی ٹیم کو اب ایک نئے کوچ  پیپ گوارڈیولا  کی رہنمائی حاصل ہے۔ بائرن کے پاس اِس وقت تین اعزاز ہیں۔ وہ بنڈس لیگا کی چیمپیئن ہونے کے علاوہ جرمن کپ کی فاتح اور چیمپیئنز لیگ کی وِنر بھی ہے۔ بنڈس لیگا کے شروع ہونے سے قبل کھیلے گئے سپر کپ میں گزشتہ سیزن میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ڈورٹمنڈ کو فتح نصیب ہوئی تھی۔ جرمنی میں فٹ بال کے مختلف ٹورنامنٹوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلے جانے والے فٹ بال ٹورنامنٹ جرمن کپ کے میچ بھی جاری ہیں۔

ہر سیزن میں بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر نیچے رہنے والی دو سے تین ٹیمیں درجہ دوم میں دھکیل دی جاتی ہیں۔ ان ٹیموں کی جگہ بنڈس لیگا درجہ دوم کی پہلی دو سے تین ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہیں۔ نئی ٹیموں میں ہیرتھا برلن اورآئنٹراخت براؤن شویگ ہیں۔ درجہ اوّل کی ٹیم ہوفن ہائم کے دوجہ دوم میں جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا تاہم  وہ سیکنڈ لیول کی ٹیم کو پلے آف میچ میں شکست دے کر بچ گئی۔ جرمن قومی لیگ میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے ہوم گراؤنڈ میں جا کر کھلیتی ہیں اور اس طرح اٹھارہ ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل دو مرتبہ آتی ہیں۔

Vahid Hashemian Fußball Iran Hannover
ھرمنی میں فٹ بال کی قومی لیگ بنڈس لیگا ہےتصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کے دو حصے ہوتے ہیں۔ پہلے حصے کے 17 میچ ڈیز دسمبر کی 22 تاریخ تک مکمل ہو جائیں گے۔ ہر میچ ڈے تین ایام پر مشتمل ہوتا ہے۔ عموماً میچ ڈے جمعے سے شروع ہوتا ہے۔ پہلے حصے کی تکمیل کے بعد کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کا وقفہ ہوتا ہے۔ دوسرا حصے کا آغاز نئے سال کے پہلے مہینے کے وسط سے ہوتا ہے۔ پہلے حصے کی تکمیل پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم کو موسم خزاں کی چیمپیئن قرار دیا جاتا ہے۔ بنڈس لیگا کے ساتھ ساتھ یورپی فٹ بال کلبوں کے ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ اور دوسرے اہم یورپی ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے میچوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ جرمنی سمیت دیگر تمام یورپی ملکوں میں کم و بیش ایک ساتھ فٹ بال کے سیزن کا آغاز ہوتا ہے۔

تقریباﹰ چالیس برس قبل سابق مغربی جرمنی کی حکومت نے ایتھلیٹوں میں ڈوپنگ یا قوت بخش مرکبات کو متعارف کروانے کے لیے فنڈ مہیا کیے تھے۔ اس مناسبت سے ایک رپورٹ پچھلے پیر کو عام کر دی گئی تھی۔ اِس ڈوپنگ رپورٹ کے اجراء کے بعد جرمن فٹ بال فیڈریشن کے صدر وولف گانگ نییرزباخ  کا کہنا تھا کہ رپورٹ حقیقت میں ایک صیحیح اشارہ ہے کہ اب فٹ بال کلبوں کے کھلاڑیوں کے خون کے نمونوں کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے کہ کوئی کھلاڑی قوت بخش کیمیاوی مرکب استعمال تو نہیں کر رہا۔ نیرزباخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ فٹ بال کھیل میں اس وقت ڈوپنگ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے چیف ایگزیکٹو  اندریاس ریٹش کا کہنا تھا کہ  جرمنی میں صورت حال کو شفاف رکھنے کے لیے سخت کنٹرول وقت کی ضرورت ہے۔

پہلے میچ ڈے کے چھ میچ کل ہفتے اور بقیہ دو میچ اتوار کے روز کھیلے جائیں گے۔