1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ بدستور پہلی پوزیشن پر

عابد حسین29 ستمبر 2013

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کے ساتویں میچ ڈے کے دوسرے دن کھیلے جانے والے ایک میچ میں لیگ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/19q4C
تصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کی ٹاپ پوزیشن کے حصول کی جدو جہد اب زور پکڑتی جا رہی ہے۔ ساتویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میں خاص طور پر ڈورٹمنڈ اور فرائی بُرگ کے علاوہ بائرن میونخ اور وولفس بُرگ کے میچ پر شائقین و ناقدین نے خاص طور پر توجہ فوکس کر رکھی تھی۔ اس میچ میں شکست کی صورت میں دوسری ٹیم کو پہلی پوزیشن سنبھالنے میں واضح برتری حاصل ہو جاتی۔ سابقہ میچ ڈے کے اختتام پر گول اوسط کی بنیاد پر ڈورٹمنڈ پہلی اور بائرن کو دوسری پوزیشن حاصل تھی جب کہ دونوں کے پوائنٹس برابر تھے۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے میچ میں ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا اور دوسری جانب بائرن کی ٹیم وولفس برگ کے خلاف ایک گول کر سکی۔ اس طرح دونوں ٹیموں نے میچ جیت کر اپنے اپنے پوائنٹس کی تعداد 19 تو کر لی ہے لیکن گول اوسط کا فرق بڑھ گیا ہے۔ ڈورٹمنڈ اب تک مخالف ٹیموں کے خلای 21 گول کر چکی ہے جب کہ بائرن کی جانب سے کل 14 گول کیے گئے ہیں۔ اسی گول اوسط کی بنیاد پر ڈورٹمنڈ کو لیگ ٹیبل پر پہلی اور دفاعی چیمپیئن بائرن کو دوسری پوزیشن حاصل ہے۔ تیسری پوزیشن پر لیورکوزن کی ٹیم ہے۔ لیورکوزن کی ٹیم نے ہینوور کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔

Fußball Bundesliga 7. Spieltag Eintracht Frankfurt v Hamburger SV
ہیمبرگ کے نئے کوچ بیرٹ فان مارویژکتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا میں کچھ سال قبل ہیمبرگ کو ایک متوازن اور بہتر ٹیم تصور کیا جاتا تھا لیکن اب اس کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر ہے۔ ان دنوں تو یہ سب سے نچلی پوزیشنوں پر ہے۔ ہفتے کے روز اس فٹ بال کلب نے نئے کوچ کے ساتھ پہلا میچ کھیلا اور یہ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ہیمبرگ کے نئے کوچ بیرٹ فان مارویژک کا تعلق ہالینڈ سے ہے اور ان سے کچھ عرصہ قبل کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی بات چیت شروع کی گئی تھی۔ ہیمبرگ نے ہفتے کے روز فرینکفرٹ کی ٹیم کے ساتھ میچ برابری پر ختم کیا۔ میچ کو برابر کرنے کے بعد ہیمبرگ کی ٹیم اب پندرہویں پوزیشن پر آ گئی ہے جو پچھلے ہفتوں سے کم از کم بہتر ہے۔

ہفتے کے روز دیگر میچوں میں دوسرے لیول سے کوالیفائی کرنے والے ہیرتھا برلن کلب نے مائنز کی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کیا اور ایک کے مقابلے میں تین گول سے میچ جیت لیا۔ اس کامیابی سے ہیرتھا نے لیگ ٹیبل پر اپنی پوزیشن کو مزید بہتر کیا ہے۔ وہ اس وقت پانچویں مقام پر ہے۔ ہفتے کے روز ہوفن ہائیم کلب نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں شالکے کے ساتھ میچ تین تین گول سے برابر کھیلنے میں کامیاب رہی۔ شالکے کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن تیرہویں ہے اور ہوفن ہائیم اب آٹھویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔