1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پہلا میچ ڈے جاری

26 اگست 2012

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے پہلے میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز سات میچ کھیلے گئے۔ بائرن میونخ نے اپنا پہلا میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ بھی اپنا پہلا میچ جیت گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/15wqD
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کا بنڈس لیگا میں پہلا میچ گروئتھرفوئرتھ (Greuther Fuerth) کے ساتھ تھا۔ بائرن میونخ نے یہ میچ تین گول سے جیت لیا۔ درجہ دوم سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم کی جانب سے کوئی گول نہیں کیا جا سکا۔ گروئتھرفوئرتھ کی ٹیم انچاس برسوں کے بعد بنڈس لیگا کے درجہ اول میں کھیل رہی ہے۔ فوئرتھ نے سن 1962 میں بنڈس لیگا میں آخری بار شرکت کی تھی۔ بائرن میونخ کی جانب سے کوسووو کے البانوی نژاد سوئس فٹ بالر جردان شاچیری (Xherdan Shaqiri) اور کروشیا کے فٹ بالر ماریو مانذُوکِچ (Mario Mandzukic) نے شاندا کھیل کا مظاہرہ کیا۔

Fußball Bundesliga 1. Spieltag SpVgg Greuther Fürth vs. FC Bayern München
بائرن میونخ نے پہلے میچ ڈے میں اپنا میچ جیت کر تین پوائنٹس حاصل کیے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

وولفس برگ کی ٹیم اور اشٹٹ گارٹ کے درمیان میچ برابر جا رہا تھا لیکن میچ کے آخری منٹ میں وولفس برگ کی جانب سے گول نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ برابری پر ختم ہونے کی صورت میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کو جوایک پوائنٹ ملنا تھا وہ اُس سے بھی محروم ہو گئی۔ اشٹٹ گارٹ کی ٹیم اسی میچ کے دوران ایک پنیلٹی کک پر بھی گول کرنے سے بھی قاصر رہی۔ اس کے علاوہ میچ شروع ہونے کے دو منٹ بعد ہی کھلے گول کا موقع بھی ضائع کیا گیا۔ گول کرنے کے دونوں موقع بوسنیا سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر وداد ایبیسیوچ (Vedad Ibisevic) نے ضائع کیے۔

Fußball Bundesliga 1. Spieltag SpVgg Greuther Fürth vs. FC Bayern München
بائرن میونخ نے پہلے میچ ڈے میں اپنا میچ جیت کر تین پوائنٹس حاصل کیے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

موئنشن گلاڈ باخ کی ٹیم کو چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی میچ میں یوکرائن کے فٹ بال کلب ڈائنموکییف سے شکست کے بعد اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ بنڈس لیگا میں کم مورال کے ساتھ شریک ہو گی مگر اس نے بہتر کھیل پیش کیا۔ موئنشن گلاڈ باخ نے ہوفن ہائم کی ٹیم کو شکست دے کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ اس میچ میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ژوان ارانگو(Juan Arango) کی شاندار پرفارمنس تھی۔ ارانگو وینز ویلا کی ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

درجہ دوم سے کوالیفائی کرنے والی ایک اور ٹیم ڈُوسلڈورف کی ہے۔ اس نے بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے میں آؤگس بُرگ کی ٹیم کو دو گول سے ہرایا۔ ایک اور میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم کو نیورمبرگ کے ساتھ میچ میں شکست کا سامنا رہا۔ نیورمبرگ کی ٹیم دو گول سے یہ میچ جیت گئی۔ لیورکوزن اور آئنٹراخٹ فرینکفرٹ کے درمیان میچ بھی زوردار رہا۔ لیورکوزن کی ٹیم انجام کار جیتنے میں کامیاب رہی۔ بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے میں ایک میچ رہ گیا ہے اور وہ آج اتوار کے روز شالکے اور ہینوور کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(ah/at (dpa, Reuters