1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: پندرہواں میچ ڈے مکمل

3 دسمبر 2012

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کے پندرہویں میچ ڈے کے آخری دن دو میچ کھیلے گئے۔ ہوفن ہائم کی ٹیم کو بریمن سے ہارنا پڑا جبکہ ہیمبرگ اور وولفس برگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/16uZH
تصویر: Reuters

جرمنی میں فٹ بال کی قومی لیگ کے موسم خزاں کے وقفے سے قبل اب صرف دو میچ ڈیز رہ گئے ہیں۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں موسم خزاں کی چیمپئن بننے کا اعزاز بائرن میونخ کو حاصل ہو سکتا ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بائرن کی ٹیم کے پوائنٹس 38 ہیں اور اس کی قریب ترین حریف لیور کوزن ہے اور وہ 30 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ تیسرے پوزیشن پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ ہے اور اس کے پوائنٹس 27 ہیں۔

Fußball Bundesliga 15. Spieltag VfL Wolfsburg - Hamburger SV
وولفس برگ اور ہیمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: picture-alliance/dpa

 پندرہویں میچ ڈے کی تکمیل پر پوائنٹس کے اعداد و شمار کی روشنی میں بائرن کی ٹیم اگلے دونوں میچ ہار بھی جائے اور دوسری و تیسری پوزیشن کی دونوں ٹیمیں اپنے اپنے دونوں میچ جیت کر بھی پہلا مقام حاصل نہیں کر سکتیں۔ پندرہویں میچ ڈے کے دوران اتوار کے روز دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ اس میچ کی برابری پر ناقدین حیران ہیں کیونکہ بائرن کی ٹیم رواں سیزن میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ اس نے پندرہ میں سے بارہ میچ جیتے ہیں۔ ڈورٹمنڈ نے اب تک صرف سات میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Fußball Bundesliga 15. Spieltag TSG 1899 Hoffenheim SV Werder Bremen
ہوفن ہائیم کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑاتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے اتوار کے روز کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک ہوفن ہائم اور بریمن کے فٹ بال کلبوں کے درمیان کھیلا گیا۔ رواں سیزن میں ہوفن ہائم کی ٹیم کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا رہا۔ بریمن نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں چار گول سے جیت لیا۔ اس شکست کے بعد ہوفن ہائم کی ٹیم لیگ ٹیبل میں مزید نیچے چلی گئی ہے۔ اتوار کے روز چوتھی شکست کے بعد اب ہوفن ہائم کی پوزیشن سولہویں ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں سے تنزلی کی ابتدا ہوتی ہے۔ ایک اور شکست سے وہ مزید نیچے ہو سکتی ہے۔

بریمن کی جانب سے فارورڈ کھلاڑی مارکو آرناٹووچ (Marko Arnautovic) نے تین گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ میچ کے اکیسویں منٹ میں سباستان پرؤڈل (Sebastian Proedl) نے گول کر کے بریمن کو برتری دلوائی۔ اس کے بعد آرناٹووچ نے ایک گول پہلے ہاف اور دو گول دوسرے ہاف میں کئے۔ اس دوران ہوفن ہائم کی جانب سے ایک گول ضرور اسکور کیا گیا۔ بریمن کی ٹیم 16 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں پندرہویں میچ ڈے کی تکمیل پر آٹھویں پوزیشن پر ہے۔

اتوار کے روز دوسرا میچ ہیمبرگ اور وولفس برگ کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کر سکیں۔ وولفس برگ کے لیے بھی رواں سیزن کوئی جاندار نہیں ہے۔ یہ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پندرہویں مقام پر ہے اور اس کے پوائنٹس 16 ہیں۔ ہیمبرگ کی ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر ہے۔

(ah / at (Reuters, AFP