بنڈس لیگا: فرینکفرٹ نے مائنز کو پچھاڑ دیا
5 دسمبر 2010اس شکست کے بعد مائنز اور لیگ میں پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم ڈورٹمنڈ کے درمیان سات پوائنٹس کا فرق پیدا ہو گیا ہے جبکہ آج اتوار کے روز ڈورٹمنڈ نے اس میچ ڈے کے سلسلے میں نیورمبرگ کا سامنا کرنا اور اور اس میچ میں جیت کی صورت میں مائنز کے ساتھ اس کے پوائنٹس کا فرق اور بھی بڑھ سکتا ہے۔
میچ کے بعد مائنز کی ٹیم کے کوچ Thomas Tuchel نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی اس میچ میں مایوس کن تھی اور ان کی ٹیم پورے میچ میں ربط سے مکمل طور پر عاری دکھائی دی۔
ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم کو شالکے نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر لیگ میں اسے ساتویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ بائرن میونخ کے اب تک صرف 23 پوائنٹس ہیں۔
اس میچ میں بائرن میونخ کی طرف سے کئی خطرناک حملے کئے گئے تاہم شالکے کے گول کیپر Manuel Neuer نے بائرن میونخ کو بال گول میں پہنچانے نہ دی۔ Manuel Neuer بہترین کارکردگی پر اس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ واضح رہے کہ Manuel Neuer جرمنی کی قومی ٹیم کے لئے بھی گول کیپنگ کی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔
ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں میونشن گلاڈباخ کو ہینوور نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی جبکہ فرائی برگ کی ٹیم ہیمبرگ کو ایک صفر سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔ اس کے علاوہ اشٹٹ گارٹ اور ہوفن ہائم کا مقابلہ ایک ایک گول سے جبکہ بریمن اور وولفس برگ کا میچ صفر صفر گول سے برابر رہا۔
آج اتوار کو بنڈس لیگا کے رواں میچ ڈے کے سلسلے میں دو میچز کھیلے جانے ہیں۔ لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کا مقابلہ نیورمبرگ سے جبکہ کولون کا میچ لیورکوزن سے ہو رہا ہے۔
اس وقت ڈورٹمنڈ کی ٹیم 37 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ مائنز کی ٹیم 30 اور ہینوور کی ٹیم 28 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : کشور مصطفیٰ