1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ کی فتوحات کا لامتناہی سلسلہ جاری

عاطف بلوچ16 مارچ 2014

ہفتے کے دن جہاں میونخ نے لیورکوزن کو شکست دے کر اس لیگ میں اپنے مسلسل سترہویں میچ میں کامیابی حاصل کر لی، وہیں مؤنشن گلاڈباخ جیسی کمزور ٹیم نے سابق چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ کو ہرا کر ایک بڑا اپ سیٹ کر دیا۔

https://p.dw.com/p/1BQQ7
تصویر: Getty Images/AFP/Christof Stache

بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن جب بائرن میونخ نے لیورکوزن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تو اس کے ساتھ ہی اس نے مسلسل پچاس میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ لیگ ٹیبل پر اب اس تاریخ ساز جرمن کلب کے پوائنٹس کی تعداد 71 ہو گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر اڑتالیس پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ ہے، جو میونخ سے 23 پوائنٹس کی دوری پر ہے۔

میونخ کو اب سال 2014-15 کا چیمپئن بننے کے لیے صرف دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ ایسے اندازے بھی لگائے جا رہے ہیں کہ شاید بنڈس لیگا کے آئندہ میچ ڈے میں بائرن میونخ بنڈس لیگا کا ٹائٹل ایک بار پھر اپنے نام کر ہی لے۔ یہ امر اہم ہے کہ ابھی رواں سیزن کے آٹھ میچ باقی ہیں اور اگر میونخ کی ٹیم آئندہ ہفتے ٹائٹل حاصل کر لیتی ہے تو یہ بھی اپنی نوعیت کا ایک ریکارڈ بن جائے گا۔ ہفتے کے دن ہی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہی مؤنشن گلاڈباخ سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے غیر متوقع طور پر شکست کھانے کے بعد ڈورٹمنڈ نے میونخ کو یہ نیا ریکارڈ بنانے کے قریب تر کر دیا ہے۔

Fußball 1. Bundesliga 25. Spieltag Borussia Dortmund vs Borussia Moenchengladbach
ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈباخ کے مابین ہونے والے میچ کا ایک منظرتصویر: Getty Images

جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے موجودہ سیزن میں ہفتے کے روز مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے۔ دیگر میچوں میں ہینوور کی ٹیم نے ہیرتھا برلن کو صفر تین سے ہرایا، مائنز کی ٹیم نے ہوفن ہائم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی جبکہ وولفس برگ اور آئنتراخت براؤن شوائیگ کا میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔ 25 ویں میچ ڈے کے دوسرے دن کا ایک میچ ویردر بریمن اور اشٹٹ گارٹ کے مابین بھی ہوا، جو ایک ایک گول سے بے نتیجہ رہا۔

آج بروز اتوار اس میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن کھیلے جانے والے دو میچوں میں ہیمبرگ کی ٹیم نیورمبرگ کے مقابلے میں میدان میں اترے گی جبکہ فرائی برگ کا مقابلہ آئنتراخت برلن سے ہو گا۔

اس وقت لیگ ٹیبل پر میونخ کی ٹیم 71 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ڈورٹمنڈ 48 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ شالکے کی ٹیم 47 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ چوتھے نمبر پر لیورکوزن، پانچویں نمبر پر مائنز اور چھٹے نمبر پر وولفس برگ کی ٹیم ہے۔ ان کے پوائنٹس بالتریب چوالیس، اکتالیس اور چالیس ہیں۔

ناقدین کے مطابق بنڈس لیگا میں پہلے نمبر کی ٹیم کا فیصلہ تو ہو ہی گیا ہے لیکن اس لیگ کے رواں سیزن میں رنر اپ کون ہو گا، اس کے لیے مقابلہ دلچسپ ہو گا کیونکہ بہت سی ٹیموں کے پوائنٹس میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے۔