1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس ليگا: ہيمبرگ اور موئنشن گلاڈباخ کی کاميابياں

عاصم سليم28 اکتوبر 2013

جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا ميں اتوار کے روز دو ميچ کھيلے گئے، جن ميں موئنشن گلاڈباخ نے آئنتراخت فرينکفرٹ کو چار ايک سے جب کہ ہيمبرگ نے فرائی برگ کو تين صفر سے ہرايا۔

https://p.dw.com/p/1A72p
تصویر: picture-alliance/dpa

ہيمبرگ فٹ بال کلب نے اتوار کی شب کھيلے جانے والے ميچ ميں فرائی برگ کو صفر کے مقابلے ميں تين گول سے شکست ديتے ہوئے فرائی برگ کے رواں سيزن ميں اپنی پہلی کاميابی حاصل کرنے کے خواب کو چکنا چور کر ديا۔ اس ميچ ميں فرائی برگ کے گول کيپر اوليور باؤمان نے انتہائی ناقص کھيل کا مظاہرہ کيا اور ہيمبرگ کے تينوں گولوں ميں کوتاہی کا مظاہرہ کيا۔ اس کاميابی کے بعد ہيمبرگ کی ٹيم اب بنڈس ليگا کے پوائنٹس ٹيبل پر تيرہويں نمبر پر آ گئی ہے۔

دريں اثناء اتوار کے ہی روز کھيلے جانے والے ايک اور ميچ ميں موئنشن گلاڈباخ کی ٹيم نے بھی شاندار کھيل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حريف فرينکفرٹ کی ٹيم کو ايک کے مقابلے ميں چار گولوں سے ڈھير کر ديا۔ اس فتح کے ساتھ گلاڈباخ کی ٹيم اب اپنی ميزبانی ميں کھيلے جانے والے آخری پانچوں ميچ لگاتار جيت چکی ہے۔

ہيمبرگ نے فرائی برگ کو تين صفر سے ہرايا
ہيمبرگ نے فرائی برگ کو تين صفر سے ہراياتصویر: picture-alliance/dpa

قبل ازيں ہفتہ چھبيس اکتوبر کے روز کھيلے گئے بنڈس ليگا کے ميچوں ميں بائرن ميونخ نے ہيرتھا برلن کو کافی تگ و دو کے بعد دو کے مقابلے ميں تين گول سے شکست دی۔ يوں ميونخ کی ٹيم اب ليگ ميں بغير کسی ناکامی کے پينتيس ميچ جيت چکی ہے۔ ہيمبرگ کے پاس چھتيس مقابلے لگاتار جيتنے کا ريکارڈ ہے۔

ہفتے کو کھيلے گئے ايک اور اہم ميچ ميں بوروسيا ڈورٹمنڈ نے شالکے کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے ہرايا۔ ديگر مقابلوں ميں بائر ليورکوزن نے آؤگس برگ کو دو ايک سے، ہوفن ہائم نے ہانوور کو ايک کے مقابلے ميں چار گول سے، مائنز نے براؤنشوگ کو دو کے مقابلے ميں صفر گول سے اور وولفس برگ نے بريمن کو صفر کے مقابلے ميں تين گول سے شکست دی۔ جمعے کے روز اشٹٹ گارٹ اور نيورمبرگ کے مابين کھلا جانے والا ميچ ايک ايک گول سے برابر رہا۔

اتوار کے دن کھيلے جانے والے ميچوں کے اختتام پر بنڈس ليگا ميں بائرن ميونخ کی ٹيم چھبيس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ دوسرے نمبر پر ڈورٹمنڈ پچيس پوائنٹس اور تيسرے نمبر پر ليور کوزن بھی پچيس پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہيں۔