1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس ليگا: بائرن ميونخ نے ہيمبرگ کا تيس برس پرانا ريکارڈ توڑ ديا

عاصم سليم9 نومبر 2013

بائرن ميونخ نے قومی فٹ بال چيمپئن شپ ميں بغير کسی شکست کے مسلسل 37 ميچوں ميں کاميابی حاصل کر کے ايک نيا ريکارڈ قائم کر ديا ہے۔ ہفتے کی شب آؤگسبرگ کو ہرا کے اس تاريخ ساز کلب نے ہيمبرگ کا تيس برس پرانا ريکارڈ توڑ ديا۔

https://p.dw.com/p/1AElw
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا ميں ہفتے کی شب مجموعی طور پر چھ ميچ کھيلے گئے۔ ان ميں سے ايک ميچ ميں بائرن ميونخ نے آؤگسبرگ کے خلاف صفر کے مقابلے ميں تين گول سے کاميابی حاصل کرتے ہوئے بنڈس ليگا ميں بغير کسی شکست کے مسلسل سينتيس ميچوں ميں کاميابی حاصل کر کے ايک نيا ريکارڈ قائم کيا۔ يوں ايک اور جرمن کلب ہيمبرگ کا بغير ہارے چھتيس ميچ جيتنے کا ريکارڈ ٹوٹ گيا۔ بائرن کی ٹيم نے آخری مرتبہ شکست کا منہ گزشتہ برس اٹھائيس اکتوبر کو ديکھا تھا، جب اسے ليور کوزن نے دو، ايک سے مات دی تھی۔ واضح رہے کہ اسی ہفتے بائرن ميونخ نے يورپی چيمپئنز ليگ ميں مسلسل نو ميچ جيت کر ہسپانوی کلب بارسلونا کا 2002ء اور 2003ء کے سيزن کا ريکارڈ بھی برابر کر ديا تھا۔

جنوبی کوريا سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسٹرائيکر سن ہيونگ من
جنوبی کوريا سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسٹرائيکر سن ہيونگ منتصویر: imago

بائرن ميونخ کی ٹيم کے ليے ہفتے کی شب کھيلے جانے والے ميچ ميں جيروم بوئيٹينگ، فرانک ريبيری اور تھوماس مولر نے ايک ايک گول اسکور کيا۔ اس کاميابی کے ساتھ بائرن ميونخ کے پوائنٹس کی تعداد بتيس ہو گئی ہے اور وہ بنڈس ليگا کے پوائنٹس ٹيبل پر بدستور پہلی پوزيشن پر براجمان ہے۔

دريں اثناء بنڈس ليگا ميں دوسری پوزيشن پر موجود ٹيم بوروسيا ڈورٹمنڈ کو ايک مرتبہ پھر شکست کا منہ ديکھنا پڑا۔ ڈورٹمنڈ کو وولفس برگ نے ايک کے مقابلے ميں دو گول سے ہرايا۔ اس نتيجے کے بعد ڈورٹمنڈ اور پہلی پوزيشن پر براجمان ٹيم بائرن ميونخ کے درميان اب چار پوائنٹس کا فرق آ گيا ہے، ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی تعداد اٹھائيس ہے۔ اسے اسی ہفتے چيمپئنز ليگ کے ايک ميچ ميں انگلش کلب آرسنل نے بھی ايک، صفر سے ہرايا تھا۔

بنڈس ليگا ميں ہفتے کی شب کھيلے گئے ديگر ميچوں ميں شالکے نے ويردر بريمن کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے، ہيرتھا برلن نے ہوفن ہائم کو دو کے مقابلے ميں تين گول سے، بوروسيا موئنشن گلاڈباغ نے نيورم برگ کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے اور بائر ليور کوزن نے ہيمبرگ کی ٹيم کو پانچ، تين سے شکست دی۔ ليور کوزن اور ہيمبرگ کے درميان کھيلے جانے والے اس ميچ کی نماياں بات جنوبی کوريائی کھلاڑی سن ہيونگ من کی ہيٹ ٹرک تھی، جس کی بدولت انہوں نے اپنی ٹيم ليور کوزن کی جيت کو يقينی بنايا۔

بنڈس ليگا ميں آج اتوار کے روز دو ميچ کھيلے جائيں گے، جن ميں مائنز کا مقالبہ آئنتراخت فرينکفرٹ سے ہوگا جبکہ اشٹٹ گارٹ اور فرائی برگ کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی۔