1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ میں نئے بادشاہ چارلس سوم کی رسم تاج پوشی آج

6 مئی 2023

تاج پوشی کی رسمی تقریب میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں اور پہلی مرتبہ خواتین پادریوں کے ساتھ بڑی تعداد میں عام لوگ بھی شرکت کریں گے۔ یہ شاہی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی اور پہلی مرتبہ رنگین اور براہ راست نشر ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/4Qyv7
UK, Fife | König Charles III und Camilla
تصویر: Andrew Milligan/PA/AP/picture alliance

چارلس سوم کو ایک ہزار سالہ تاریخ اور روایت پر مشتمل ایک مسیحی مذہبی  تقریب میں ہفتے کے روز برطانیہ کے بادشاہ کا تاج پہنایا جائے گا۔ تاہم  اس تقریب کو اکیسویں صدی کے برطانیہ کی عکاسی کے لیے نئے انداز میں ڈھال دیا گیا ہے۔ برطانوی بادشاہ کے اختیار کی مقدس علامت ٹھوس سونے سے بنا ہوا سینٹ ایڈورڈ کراؤن ''خدا بادشاہ کی حفاظت کرے‘‘ کے نعروں کے ساتھ چارلس سوم کے سر پر سجا دیا جائے گا۔ اس بادشاہی تاج کی خاص بات یہ ہے کہ کوئی بھی بادشاہ اپنی زندگی میں اسے صرف ایک ہی بار یعنی اپنی تاج پوشی کے وقت ہی کچھ دیر کے لیے پہنتا ہے۔

برطانوی شاہی خاندان سے ہیروں کی واپسی کا مطالبہ

Großbritannien | Royals | St.-Edward's-Krone
سینٹ ایڈورڈ کراؤن خالص سونے سے بنے اس تاج کو پہنتےہی چارلس سوم برطانیہ کے باقاعدہ بادشاہ بن جائیں گےتصویر: Photoshot/picture alliance

لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں ڈھول باجوں کی دھوم مچے گی اور 1953 کے بعد سے کسی برطانوی بادشاہ کی پہلی تاج پوشی کے موقع پر زمین اور سمندر سے توپوں  کی رسمی سلامی  دی جائے گی۔ اس کے بعد پیدل اور گھوڑوں پر سوار سات ہزار فوجی دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر مارچ کریں گے۔

 کنگ چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا، جنہیں ملکہ کا تاج پہنایا جائے گا، بالکونی سے ایک رسمی فلائی پاسٹ دیکھنے سے پہلے بہت بڑے ہجوم سے گزرتے ہوئے شاذ و نادر ہی استعمال ہونے والے گھوڑوں کی گولڈ اسٹیٹ بگھی میں بکنگھم پیلس واپس جائیں گے۔

تاج پوشی کی یہ رسم  1937 کے بعد سے کسی بادشاہ کی پہلی اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی دوسری  جبکہ پہلی رنگین اور آن لائن نشر ہونے والی تقریب ہو گی۔ اس رسم کا مقصد بادشاہ چارلس کی تخت نشینی کی مذہبی تصدیق ہے۔ چوہتر سالہ چارلس گزشتہ سال ستمبر میں سات دہائیوں تک ملکہ رہنے والی اپنی والدہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد ان کے وارث کے طور پر بادشاہ بنے تھے۔

برطانیہ ہمارا 'کوہ نور‘ ہیرا واپس کرے، بھارتی عوام

کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں دو گھنٹے کی اینگلیکن سروس کا زیادہ تر حصہ سن 1066 سے ویسٹ منسٹر ایبے میں تاج پوشی سے ہمکنار ہونے والے انتالیس بادشاہوں کی تقریبات ہی کا عکاس ہو گا۔ اس تقریب میں پہلی بار خواتین بشپس بھی شامل ہوں گی جبکہ برطانیہ کے غیر مسیحی عقائد اور اس کی سیلٹک زبانوں کے رہنما بھی اس دوران نمایاں کردار ادا کریں گے۔ بطور بادشاہ چارلس سوم چرچ آف انگلینڈ کے اعلیٰ ترین گورنر ہیں لیکن وہ مذہبی اور نسلی اعتبار سے بہت متنوع اس ملک کے سربراہ ہیں،  جو ان کی والدہ کو دوسری جنگ عظیم کے سائے میں وراثت میں ملا تھا۔

برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ امریکہ پر نسل پرستی کے بادل

اس تقریب میں ایک متنوع برطانوی معاشرے  کی عکاسی کے لیے تیئیس سو عام افراد  کو سربراہان مملکت اور عالمی شاہی خاندان کے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس تقریب میں چارلس سوم کے پسندیدہ موضوعات یعنی حیاتیاتی تنوع اور وسائل کے دیرپا استعمال کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے تقریب کا ہال اسکاٹ لینڈ کے شمال مغربی علاقے آئل آف اسکائی سے لے کر انگلینڈ کے جنوب مغربی ساحل کے سرے پر واقع کارن وال تک کے موسمی پھولوں اور پودوں سے بھرا گیا  ہے۔

London | Krönungsprozession von König Charles III.
تاج پوشی کی یہ تقریبات تین دن تک لندن میں جاری رہیں گیتصویر: Dan Kitwood/Getty Images

برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سناک نے تاج پوشی کو ''ہماری تاریخ، ثقافت اور روایات کا قابل فخر اظہار‘‘ اور ''غیر معمولی قومی فخر کا لمحہ‘‘ قرار دیا۔ تاج پوشی کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی ، جن میں اتوار کی شام لندن کے مغرب میں ونڈسر کاسل میں ایک کنسرٹ بھی شامل ہو گا۔

برطانوی شاہی خاندان کس حد تک جرمن ہے؟

لیکن ہر کوئی قائل نہیں: عوامی سروے بادشاہت کی حمایت میں کمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔  خاص طور پر بہت سے نوجوانوں میں بادشاہت کی حمایت کم ہے اور وہ شاہی نظام جدید بنانے حتیٰ کہ اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے مطالبات بھی کرتے ہیں۔ ریپبلکنز نے، جو ایک منتخب سربراہ مملکت چاہتے ہیں، ''میرا بادشاہ نہیں‘‘ کے پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کرنے کا وعدہ کیا ہے۔  اس صورتحال کے پس منظر میں دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں سے 14 کے موروثی بادشاہ اور برطانوی سربراہ مملکت کے طور پر بادشاہ چارلس کا عہد بہت اہم بھی ہو گا اور قدرے نازک دور بھی۔

ش ر ⁄  م م (اے ایف پی)

ملکہ الزبتھ کی زندگی کے پانچ اہم لمحات