1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبرطانیہ

برطانوی عوام کے نیشنل ہیلتھ سروس پر اعتماد میں شدید کمی

6 اپریل 2024

برطانیہ کے سماجی رویوں کے سروے کے مطابق 2023 ء کے دوران نیشنل ہیلتھ سروس پر اعتماد کی سطح میں ریکارڈ کمی سامنے آئی ہے۔ یہ خاص طور پر الیکشن سے قبل حکومت کے لیے ایک بڑے چیلنج کی نشاندہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4eCJ0
Symbolbild I Gesundheitswesen
تصویر: Peter Byrne/empics/picture alliance

سرکاری نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) پر برطانوی عوامی اعتماد میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس سلسلے میں 2023 ء میں کروائے گئے ایک سماجی رویے کے سروے کی رپورٹ  سے پتہ چلا کہ محض 24 فیصد باشندے این ایچ ایس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں یہ پانچ فیصد پوائنٹس کی کمی ہے جبکہ 1983 ء میں پہلی بار کروائے گئے ایسے ہی سروے کے بعد سے یہ اب تک کی ریکارڈ کم ترین سطح ہے۔

حکومت کے لیے چیلنج

تازہ ترین سروے کے نتائج کو لندن کی موجودہ حکومت کے لیے ایک چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ بھی رواں سال برطانیہ  کے مجوزہ انتخابات سے قبل۔ یہ امر  ووٹروں کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے اور اس کے گہرے اثرات الیکشن  کے نتائج پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ پبلک ہیلتھ سروس پر عوامی اعتماد گزشتہ چند سالوں سے مسلسل کم ہو رہا ہے۔ خاص طور سے 2020 ء میں کورونا کی وبا نے اس میں اہم کردار ادا کیا۔ دو ہزار بیس سے نیشنل ہیلتھ سروس پر اعتماد اور اس بارے میں اطمینان کی شرح 29 فیصد گری ہے۔

Symbolbild I Gesundheitswesen
برطانیہ میں طبی عملے کے اہلکاروں کی شدید کمی ہےتصویر: Peter Byrne/empics/picture alliance

عوامی عدم اعتماد کی وجوہات

اعلاج کے مختلف طریقوں کے لیے مریضوں کا طویل انتظار اور میڈیکل عملے کے اراکین کی شدید قلت دراصل ان بنیادی وجوہات کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں جو عوامی عدم اطمینان کا سبب بنی ہیں۔ اس سروے میں کہا گیا،'' یہ نتائج  NHS کے لیے اور ان لوگوں کے لیے جو اس کی خدمات پر انحصار کرتے ہیں ایک اور ہنگامہ خیز اور مشکل سال کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘

برطانوی ووٹر اور وزیر اعظم  رشی سونک  کے لیے صحت کی دیکھ بھال کا موضوع سماجی مسائل کی فہرست میں مسلسل سب سے اوپر پائے جانے والے تین اہم مسائل میں سے ایک ہے۔ رشی سونک کی کنزرویٹیو پارٹی ویسے ہی رائے شماری میں لیبر پارٹی سے پیچھے ہے۔ دریں اثناء رشی سونک کی قدامت پسند پارٹی کی الیکشن مہم میں مریضوں کے اعلاج کے لیے انتظار کے اوقات کو کم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

لیکن نرسوں اور جونیئر و سینیئر دونوں طرح کے  ڈاکٹروں  کی طرف سے تنخواہوں کی کمی  پر جاری ہڑتالوں کے سلسلے نے بہتری کی  کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

England | Ärzte-Streik
نیشنل ہیاتھ سروس کے اہلکاروں کی طرف سے بہتر تنخواہوں کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہےتصویر: Daniel Leal/AFP

2010ء میں جب اپوزیشن لیبر پارٹی آخری بار اقتدار میں تھی، تب این ایچ ایس پر اطمینان کی سطح 70 فیصد رہی تھی۔

برطانیہ کے سائنسی امور کے وزیر اینڈریو گرفتھ نے کہا،''حکومت NHS میں ریکارڈ وسائل ڈال رہی ہے۔‘‘

2019 ء کے بعد سے صحت کی دیکھ بھال کی مالی اعانت میں اضافہ ہوا ہے، لیکن ان کا کہنا تھا،''ہم اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری کے لیے اتنے زیادہ مطالبات کر رہے ہیں جتنے پہلے کبھی نہیں کیے گئے۔‘‘

اس سروے میں 3000 سے زائد افراد کی رائے شامل تھی جس کے نتائج نفیلڈ ٹرسٹ اور کنگز فنڈ تھنک ٹینکس کی طرف سے شائع ہوئے۔ اس سروے میں کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں 48 فیصد رائے دہندگان نے فنڈز کے لیے زیادہ ٹیکس لگانے کے حق میں اپنی رائے دی۔

ک م/ ا ا (روئٹرز)