1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحران زدہ یورپی ملکوں کو میرکل کی یقین دہانی

7 اکتوبر 2011

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور مالیاتی اداروں کے سربراہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اقتصادی بحران کے شکار یورپی ملکوں کے مدد کے لیے کافی بین لاقوامی فنڈز موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/12nP4
انگیلا میرکل اور کرسٹیان لاگاردتصویر: dapd

انگیلا میرکل نے جمعرات کو برلن میں فنانس کی دنیا کی قدآور شخصیتوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی ہے، جس میں یورپ کو درپیش مالیاتی بحران کے حل پر غور کیا گیا۔

اس اجلاس میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹیان لاگارد، یورپین سینٹرل بینک کے صدر ژاں کلود تریشے اور ورلڈ بینک کے سربراہ رابرٹ سوئیلک بھی انگیلا میرکل کے ساتھ شریک تھے۔

بعدازاں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب میں جرمن چانسلر نے کہا کہ وہ بینکوں کی مدد کے لیے تیار ہیں اور ضرورت پڑنے پر مالیاتی منڈیوں میں مداخلت سے نہیں ہچکچائیں گی۔

انگیلا میرکل نے کہا کہ یورپ کے توسیع کردہ فنڈ میں بینکوں کی مدد کے لیے کافی رقم موجود ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومتی معاونت طلب کرنے سے پہلے بینکوں کو لیکیوڈٹی بڑھانے کے لیے مالیاتی منڈیوں کا رُخ کرنا چاہیے۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹیان لاگارد نے کہا: ’’چار سو ارب ڈالر سے کچھ ہی کم رقم کو کام میں لانے کی صلاحیت کے ساتھ ہمارے پاس کافی وسائل ہیں۔‘‘

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق برلن کے اس اجلاس کے نتیجے میں کسی طرح کے اعلانات تو سامنے نہیں آئے، پھر بھی اسے اقتصادی حوالے سے پائی جانے والی بے چینی کم کرنے کا محرک قرار دیا جا رہا ہے۔

میرکل نے قبل ازیں بدھ کو بینکوں کے سرمائے کو از سرِ نو ترتیب دینے کے لیے رہنمائی کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار برسلز میں یورپی کمیشن کے صدر ہوزے مانویل باروسو سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ بحران کے شکار بینکوں کے سرمائے کو از سر نو ترتیب دینے کی ضرورت پڑی، تو وہ اس اقدام کو نہیں روکیں گی۔

Weltbank IWF OECD Kanzleramt Weltwirtschaft Berlin Merkel Zöllick Lagarde Gurria
میرکل مالیاتی اداروں کے رہنماؤں کے ساتھتصویر: dapd

دوسری جانب جمعرات کو امریکی صدر باراک اوباما نے کہا  کہ قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے یورپ کو تیز تر کارروائی کرنا ہو گی۔ جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے خبردار کیا کہ یورپ کے رہنماؤں کو خطے کو درپیش اقتصادی بحران پر بہتر طور پر قابو پانا ہو گا۔ اس حوالے سے انہوں نے ٹھوس منصوبہ تشکیل دیے جانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا: ’’آج جس مسئلے کا یورپ کو سامنا ہے، وہ ہماری معیشت پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، جو پہلے ہی کمزور ہے۔‘‘

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں