1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحر ہند میں طاقتور سمندری طوفان

عاطف توقیر12 اکتوبر 2013

بحر ہند میں پیدا ہونے والے ایک طاقتور سائیکلون کی وجہ سے بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں سے دو لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور ہزاروں دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/19yPR
تصویر: picture-alliance/AP Photo

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی ساحلی ریاستوں اُڑیسہ اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں سے فیلین طوفان کی وجہ سے لاکھوں افراد کو دیگر مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر سرکاری عہدیداروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں طلب کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے اس انتہائی طاقتور طوفان کی وجہ سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بھارتی محکمہ ء موسمیات نے اس طوفان کو ’بہت زیادہ شدت‘ کا قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس طوفان کی وجہ سے بھارت کے مشرقی ساحلی علاقوں میں ہفتے کے روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق یہ طوفان گزشتہ دس برس کا سب سے طاقتور طوفان قرار دیا گیا ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کا کام مسلسل جاری ہے۔ محکمہء موسمیات کے مطابق اس طوفان کی وجہ سے 210 تا 220 کلومیٹر فی گھنٹہ یا 167 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ ہوائی میں قائم امریکی نیوی کے جوائنٹ ٹائی فون وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ اس طوفان کی وجہ سے 269 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ امریکی ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ طوفان طاقت کے اعتبار سے تاریخی نوعیت کا ہے۔ یونیورسٹی آف میامی ہیری کین کے ریسرچر برائن مک نولڈی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا: ’اگر یہ ریکارڈ سطح کا طوفان نہیں، تو اس کے بہت قریب کا ہے۔‘

Indien vor Zyklon Phailin
مچھیروں کو بھی سمندر سے واپس لوٹ آنے کا کہہ دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

ان کا مزید کہنا تھا: ’آپ اس طاقت کے طوفان دنیا میں کہیں بھی نہیں دیکھتے۔ یہ انہتائی طاقتور ہے۔‘

امریکی سمندری طوفانوں سے موازنہ کرتے ہوئے مک نولڈی نے بتایا کہ یہ طوفان سن 2005ء میں امریکا میں تباہی پیدا کرنے والے ہیری کین کیترینا کے حجم کا ہے۔ واضح رہے کہ کیترینا کی وجہ سے امریکا میں 12 سو افراد ہلاک ہو گئے تھے اور نیو اورلینز ریاست میں شدید سیلاب آ گیا تھا۔ مک نولڈی نے مزید بتایا کہ سن 1992ء میں میامی میں ہیری کین اینڈریو کی وجہ سے 265 کلومیٹر (165میل)کی رفتار سے ہوائیں چلی تھیں، جس کے نتیجے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ فی الحال اس طوفان کی شدت میں کسی طرح کی کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ موسمیات پر نگاہ رکھنے والے ایک امریکی ادارے ویدر بل نے اس طوفان کو ’شدید خطرناک صورتحال‘ سے تعبیر کرتے ہوئے ’پانچ کی سطح کی لینڈ سلائیڈنگ کا ممکنہ باعث‘ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ 155 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی ہواؤں کے حامل طوفان کو کیٹیگری فائیو یا پانچ کی سطح کا طوفان قرار دیا جاتا ہے۔