1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وڈ میں کمائی کے متبادل طریقوں پر غور

4 اپریل 2011

بھارتی فلمساز گزشتہ دو برس سے ہونے والے مالی نقصانات کو پورا کرنے کے لیے کیبل، ٹیلی وژن اور انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10mtl
فلم سٹار کرینہ کپورتصویر: AP

ماہرین کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں سرمائے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ان متبادل طریقوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

گزشتہ دو سالوں سے بھارتی فلمسازوں کو اگرچہ باکس آفس پر پر کوئی بہت بڑا مالی فائدہ نہیں ہوا تاہم دوسری طرف کیبل آپریٹرز، سیٹیلائٹ، ڈی وی ڈی، انٹر نیٹ اور موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ کے ذریعے فائدہ ضرور ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق باکس آفس پر نقصانات کو پورا کرنے کے لیے یہ متبادل طریقے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

اسی تناظر میں جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ’فالتو‘ کے تمام گانے ڈاؤن لوڈ کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں جبکہ بھارت سے باہر اس فلم کی نمائش انٹرنیٹ کے ذریعے بھی کی گئی۔ اسی طرح گزشتہ برس بالی وڈ کی فلم ’سٹرائیکر‘ غیر ممالک میں یو ٹیوب پر ریلیز کی گئی تھی۔

Sha Rukh Khan Bollywood Star
سپر سٹار شاہ رخ خان

بین الاقوامی مشاورتی فرم KPMG کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارت میں میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے کی آمدنی میں مجموعی طور پر بیس فیصد کی کمی ہو چکی ہے۔

اس بین الاقوامی فرم کے سربراہ راجیش جین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس حوالے سے مزید کمی دیکھنے میں آ سکتی ہے، ’مستقبل میں بھارتی فلمی صنعت میں باکس آفس پر جمع ہونے والے ریونیوز میں مزید کمی کا خدشہ ہے جبکہ کیبل اور سیٹیلائٹ سے متعلقہ حقوق میں فائدے کا امکان ہے‘۔

بھارتی فلمساز پہلے ہی سیٹیلائٹ ٹیلی وژن کے حقوق مختلف براڈ کاسٹرز کو فروخت کر چکے ہیں۔ اب یہ ٹیلی وژن چینلز ایسی فلمیں دکھا سکتے ہیں، جن کے بارے میں خدشہ ہو کہ وہ باکس آفس پر اچھی کمائی کا سبب نہیں بن سکیں گی۔ بھارتی سپر سٹار شاہ رخ خان کی سائنس فکشن فلم Ra.One کے حقوق اس فلم کے ریلیز ہونے سے قبل ہی 8.88 ملین ڈالر کے عوض ٹیلی وژن پر فروخت کر دیے گئے ہیں۔

KPMG کے مطابق 2015ء کے دوران بھارتی فلمی صنعت کے مجموعی ریونیو میں سے بیس فیصد صرف کیبل، سیٹیلائٹ اور انٹرنیٹ سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ دوسری طرف کچھ ماہرین کے بقول ان متبادل طریقوں سے آمدنی میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں