1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بارش کی تباہ کاریاں: میگا پراجیکٹس زیر بحث

عبدالستار، اسلام آباد
15 جولائی 2022

گزشتہ چالیس برس میں پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے بہت سارے پراجیکٹس مکمل کیے گئے ہیں لیکن حالیہ بارشوں نے ان کی قلعی کھول دی ہے۔ آیا یہ پراجیکٹس عوامی مفاد کے لیے بنائے جاتے ہیں یا صرف کچھ لوگوں اور لابیوں کے؟

https://p.dw.com/p/4ED74
Pakistan | Lahore Orange Train Metro Eröffnung PML-N Anhänger
تصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کی وجہ سے نہ صرف بلوچستان میں آٹھ کے قریب چھوٹے ڈیم نقصانات سے دوچار ہوئے بلکہ ملک کے کئی حصوں میں سڑکیں، پل، انڈر پاسیز، فلائی اوورز اور دیگر پراجیکٹس بھی کسی حد تک متاثر ہوئے ہوئے۔

عوامی مفاد کو نظر انداز کیا جاتا ہے

کئی ناقدین کا خیال ہے کہ اس طرح کے میگا پراجیکٹس بناتے وقت عوامی مفاد کو پیش نظر نہیں رکھا جاتا۔  پلاننگ کمیشن کے سابق سیکریٹری فضل اللہ قریشی نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''یہ پراجیکٹس کچھ لابیوں اور افراد کے مفاد میں بنائے جاتے ہیں۔ اس کی  ایک چھوٹی سی مثال اورنج لائن کی ہے، جو تقریبا ڈھائی ارب ڈالر کا منصوبہ ہے جس میں ہمیں ہر سال تقریبا 50 ارب روپے چین کا قرض اتارنے کے لیے ادا کرنا ہے۔ بالکل اسی طرح میٹرو بس، اورنج لائن اور دوسرے پراجیکٹس نون لیگ نے شروع کیے لیکن ان پر سبسڈیز عوام کی جیب سے جا رہی ہے۔‘‘

سستا راستہ اختیار نہیں کیا گیا

فضل اللہ قریشی کے مطابق، ''میاں نواز شریف کو موٹروے بنانے کا شوق تھا لیکن ملک میں موٹروے بنانے پر جتنا پیسہ لگایا گیا اگر اس کا ایک مناسب حصہ بھی ریلوے پر لگا دیا جاتا تو ریلوے منافع بخش بھی ہوتا اور عوام کو بھی سہولیات میسر ہوتیں۔ موٹروے سے صرف ملک کی ٹرانسپورٹ لابی کو فائدہ ہوا۔ ایک ٹرین میں نوے کی دہائی میں سو کنٹینرز جاتے تھے۔ چودہ ٹرینیں دو ہزار کے قریب کنٹینرز لے کر جاتی تھیں۔ اب چودہ سو ٹرکس یہ کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے تیل کی درآمد بڑھی اور حکومتی اخراجات بھی۔‘‘

کمزور بلدیاتی نظام

پاکستان میں نکاسی آب اور سیوریج کا نظام انتہائی خستہ حال ہے۔ فضل اللہ قریشی کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ ملک میں انتہائی کمزور بلدیاتی نظام ہے۔ '' گٹرلائن ڈالنا، پینے کا صاف پانی فراہم کرنا یا علاقوں میں سٹرکیں بنانا یہ سارے پراجیکٹس بلدیاتی ادارے کرتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں بلدیاتی ادارے انتہائی کمزور ہیں اور ان کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں۔‘‘

بین الاقوامی مالیاتی ادارے اور پاکستانی اشرافیہ

 اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار عامر حسین، جنہوں نے ورلڈ بینک اور مختلف عالمی اداروں کے پراجیکٹس پر کام کیا ہے، کا کہنا ہے کہ میگا پراجیکٹس میں عالمی مالیاتی اداروں اور بہت سارے کنسلٹنٹس کے مفادات بھی ہوتے۔

عامر حسین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''اس لیے وہ باقاعدہ ایک اسٹریٹجی بنا کر اس طرح کے پراجیکٹس ترقی پذیر ممالک کی اشرافیہ کو بیچتے ہیں۔ اشرافیہ کو اس میں کمیشن ملتا ہے جب کہ ماہرین کو بھاری بھرکم تنخواہ اور مراعات۔ سیاست دان ایسے پراجیکٹس کو سیاسی مفادات کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، جن میں ن لیگ سر فہرست ہے۔‘‘

عامر حسین کے بقول اس سے عالمی مالیاتی اداروں کا مقصد بھی پورا ہوتا ہے، ''کیونکہ اس کے ذریعے وہ غریب ممالک پر قرضہ لادتے ہیں اور ان کو ایسے پراجیکٹس دیتے ہیں جن کی کوئی کمرشل حیثیت بھی نہیں ہوتی اور وہ حکومت کو کسی طرح کا مؤثر ریونیو بھی نہیں دے پاتے۔‘‘

عوامی مشکلات میں اضافہ

کئی ناقدین کا خیال ہے کہ یہ پراجیکٹس قرض لے کر بنائے جاتے ہیں اور عوام کے لیے عذاب بن جاتے ہیں۔ عامر حسین کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں خصوصی پاکستان مسلم لیگ ان پروجیکٹس سے آنے والے قرضوں کے طوفان کے بارے میں نہیں بتاتی۔

انہوں نے مزید کہا، ''اس کے لیے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔ مہنگائی کو بڑھایا جاتا ہے۔ جیسا کہ ابھی بھی یہ ہو رہا ہے، جس سے عام آدمی کی زندگی مشکل ہوجاتی ہے۔‘‘

پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ نون ہمیشہ ہدف تنقید رہی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی 2018 کے انتخابات سے پہلے نون لیگ کو ڈویلپمنٹ کے حوالے سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ترقیاتی امور کے کئی ماہرین بھی اس حوالے سے نون لیگ پر تنقید کرتے ہیں۔ کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ انیس سو نوے سے لے کر اب تک سیف سٹی پراجیکٹس، میٹرو و اورنج لائنز موٹر ویز اور مختلف سڑکوں کی تعمیر میں چودہ سو ارب روپے سے زیادہ  پیسہ خرچ ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ ہر برس  پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ اسکیم میں بھی ایک خطیر رقم سڑکوں انڈر پاسیز اور فلائی اوورز وغیرہ کی تعمیر کے لیے مختص کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں ہر سال ہزاروں افراد خوفناک حادثات یا قدرتی آفات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔

کئی حلقوں میں یہ تاثر ہے کہ جہاں موٹر ویز اور کچھ سڑکوں کی تعمیر پر بے تحاشہ پیسہ خرچ کیا گیا ہے وہی اندرون شہر کی سٹرکوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ کا مؤقف

پاکستان مسلم لیگ ن ان الزامات کو مسترد کرتی ہے اور اس کا دعوی ہے کہ میگا پراجیکٹس بناتے وقت عوامی مفاد کو ہمیشہ پیش نظر رکھا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون نے جتنے بھی پراجیکٹس بنائے اس سے ایک عام آدمی کو فائدہ ہوا۔

شامہ محمد نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''دنیا میں سرمایہ کاری انفراسٹرکچر کی بہتری کے بغیر ناممکن ہے۔  چین میں آج اگر سرمایہ کاری اپنے عروج پر ہے تو اس کی ایک وجہ وہاں پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ہے۔ اگر چین انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں پیسہ نہیں لگاتا تو آج وہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے جنت نہ ہوتا۔ موٹر وے ہو یا میٹرو اورنج لائن، کوئی بھی ایسا پراجیکٹ نہیں جو عوامی مفاد کے لیے نہ ہو اور مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ یہ سارے پراجیکٹس ہمارے قائد میاں نواز شریف نے پورے کیے۔‘‘

بلوچستان کو سی پیک میں بھی نظر انداز کیا گیا، ڈاکٹر مالک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں