1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک روزہ سیریز، جنوبی افریقہ کو پہلی بار ہرانے کا خواب

طارق سعید، لاہور28 اکتوبر 2013

پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ میں پہلی بار ایک روزہ سیریز جیتنے کے لیے بے تاب ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بدھ سے امارات میں شروع ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1A7Hk
تصویر: DW

دبئی ٹیسٹ میں اننگز اور بانوے رنز سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز ایک ایک کی برابری پر ختم کرنا پڑی تھی۔ اس سیریز کے تناطر میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے اپنے بیٹسمینوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل لائیں۔

جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے صف اول کے فاسٹ باولر ڈیل اسٹین کو آرام دینے کا اعلان کیا ہے کہ جب کہ پاکستان کو شاہد آفریدی اور محمد حفیظ سمیت ون ڈے سیریز میں سات ترو تازہ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔

Flash-Galerie Cricket Shahid Afridi
شاہد آفریدی محدود اوورز کی سیریز میں شرکت کے لیے امارات پہنچ گئے ہیںتصویر: AP

پاکستانی ون ڈے ٹیم میں پہلی بار شامل ہونے والے ملتان کے بیٹسمین صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کی طرح ایک روزہ سیریز میں بھی سخت مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کھیلنا ان کا خواب تھا جس کی تعبیر ملنے پر وہ بہت خوش ہیں۔ صہیب نے کہا کہ دنیا کی بہترین باولنگ لائن کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وہ تیار ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہی کارکردگی دکھائی جائے، جس کا مظاہرہ انہوں نے ملک کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کیا ہے۔

پاکستانی ون ڈے ٹیم میں ایک برس بعد واپس آنے والے آل راؤنڈر سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے پاس خطرناک بیٹسمین ہیں مگر وہ خود ڈومیسٹک کرکٹ جنوبی افریقہ میں کھیلتے رہے ہیں اور انہیں حریف کھلاڑیوں کی خامیوں کا علم ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ اس کا پاکستانی ٹیم کو فائدہ ہو۔ سہیل تنویر نے مزید کہا کہ وہ خود پر صرف ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹر کا لیبل نہیں لگوانا چاہتے۔

جنوبی افریقہ وہ واحد سرکردہ ٹیم ہے، جس کے خلاف پاکستان نے کبھی ون ڈے سیریز نہیں جیتی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ماضی میں کھیلے گئے تریسٹھ ایک روزہ میچوں میں پاکستان نے بیس اور جنوبی افریقہ نے بیالیس میچ جیتے ہیں۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو شارجہ میں اپنی تاریخ کا 800واں میچ کھیلے گی۔