1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک حادثہ، جس نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا

عدنان اسحاق29 دسمبر 2014

مشائیل شوماخر کا شمار معروف ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ اسکیئنگ کے حادثے کے بعد کئی دنوں تک ان کی حالت تشویش ناک رہی اور انہیں کئی ماہ تک مصنوعی طور پر بے ہوش رکھا گیا۔ آج کل وہ زندگی کی طرف واپس پلٹنے کی کوششوں میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EB3t
تصویر: picture-alliance/dpa (Archiv)

29 دسمبر 2013ء کو فارمولا ون کار ریسنگ کے لیجنڈ جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر فرانس کے تفریحی مقام میریبل میں اسکیئنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں سر پر چوٹ آنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں سوئٹزرلینڈ کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی زندگی بچانے کے لیے انہیں مصنوعی طور پر بے ہوش کر دیا تھا۔ کئی ماہ اسی حالت میں رہنے کے بعد اب شوماخرسوئٹزرلینڈ میں اپنے گھر لوٹ چکے ہیں تاہم ان کی طبیعت کے بارے میں بہت کم ہی اطلاعات ہیں۔

29 دسمبر کو اس حادثے کو ایک برس مکمل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر اُن کے مداحوں کو اُس وقت مایوسی کو سامنا کرنا پڑا، جب ان کی ویب سائٹ پر شوماخر کے حوالے سے کوئی تازہ خبر موجود نہیں تھی۔ اس واقعے کو ایک سال پورے ہونے پر شوماخر کی مینیجر زابینے کیہم کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ کیہم نے آخری مرتبہ 23 نومبر کو کہا تھا کہ شوماخر کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔

Porträt - Michael Schumacher
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Azubel

مشائیل شوماخر کے اہل خانہ دانستہ طور پر اُن کے حوالے سے خبریں عام نہیں کرتے۔ اُن کی اہلیہ کورینا نے حادثے کے بعد ہسپتال کے باہر کھڑے صحافیوں سے درخواست کی تھی کہ ڈاکٹروں اور شوماخر کے خاندان والوں سے اس بابت باربار سوال نہ پوچھے جائیں اور انہیں تنگ نہ کیا جائے۔

رواں برس تیس جنوری کو زابینے کیہم نے کہا تھا شوماخر آہستہ آہستہ جاگ رہے ہیں تاہم اپریل میں سامنے آنے والے ان کی بیان کے مطابق شوماخر صرف چند لمحوں کے لیے ہوش میں آئے تھے۔ جون میں آخر کار ڈاکٹروں نے بتایا کہ فارمولا ون کار ریسنگ پر راج کرنے والا ڈرائیور اب کومے میں نہیں ہے۔ ابھی تک مشائیل شوماخر کی کوئی بھی تصویر شائع نہیں کی گئی ہے۔

مشائیل شوماخر اکثر اپنے اہل خانہ کے سا تھ فرانس میں چھٹیاں منانے اور اسکیئنگ کے لیے جاتے تھے۔ وہ ان پہاڑوں میں نیا سال اور تین جنوری کو اپنی سالگرہ بھی منایا کرتے تھے۔ تاہم وہ اپنی 45 ویں سالگرہ ہمیشہ کی طرح نہیں منا پائے۔ تاہم اس موقع پر ان کے ہزاروں مداح اپنے ہیرو کی سالگرہ منانے کے لیےسوئس ہسپتال کے باہر جمع تھے۔

29 دسمبر 2013ء کے اس حادثے نے سات مرتبہ فارمولا ون کار ریسنگ کے چیمپئن رہنے والے اس ڈرائیور کی زندگی کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔ کیا وہ کبھی دوبارہ فارمولا ون کے ٹریک پر واپس آپائیں گے؟ اس حوالے سے شکوک و شبہات موجود ہیں۔ شوماخر کی مینیجر زابینے کیہم کے مطابق ’’ابھی مشائیل کو ایک طویل اور مشکل سفر طے کرنا ہے۔‘‘