1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل کا آئی پیڈ منی: ’ٹیکنالوجی کا نیا شاہکار‘

24 اکتوبر 2012

امریکی کمپیوٹر اور سمارٹ فونز بنانے والے ادارے ایپل نے مقبول عام آئی پیڈ کا ایک چھوٹا ماڈل متعارف کروا دیا ہے۔ یہ منی آئی پیڈ مارکیٹ میں دو نومبر سے دستیاب ہو گا۔

https://p.dw.com/p/16VNc
تصویر: picture-alliance/dpa

ایپل کمپنی کی جانب سے آئی پیڈ مِنی متعارف کروانے کا فیصلہ یقینی طور پر مارکیٹ کی ڈیمانڈ کا نتیجہ ہے۔ بین الاقوامی منڈیوں میں امریکی ادارے ایمیزون، انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اور جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی و سمارٹ فون بنانے والے بین الاقوامی کمپنی سام سنگ کے چھوٹے سائز کے ٹیبلیٹس عوام الناس میں خاصے مقبول ہیں۔ ایپل نے اپنے منی آئی پیڈ کی قیمت میں بھی واضح کمی کی ہے۔

Das neue iPad mini
تصویر: picture-alliance/dpa

منی آئی پیڈ کو متعارف کروانے کی خصوصی تقریب ایپل کمپنی نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے تیسرے بڑے شہر سان ہوزے (San Jose) میں منعقد کی۔ سان ہوزے خلیج سان فرانسسکو پر واقع ہے۔ ایپل کمپنی کے مارکیٹنگ شعبے کے سینئر نائب صدر فِل شیلر (Phil Schiller) نے منی آئی پیڈ کو متعارف کرواتے ہوئے واضح کیا کہ یہ نارمل آئی پیڈ کو شرنک یا چھوٹا نہیں کیا گیا بلکہ یہ ایپل ٹیکنالوجی کا نیا شاہکار ہیں۔ فل شیلر کے مطابق منی آئی پیڈ کا نیا ڈیزائن ان کے ادارے کے ماہرین کا شاہکار ہے۔ سان ہوزے میں منعقدہ تقریب کی صدارت ایپل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کُک نے کی۔

یہ امر اہم ہے کہ لیجنڈری اسٹیو جابز کی ناگہانی رحلت کے بعد ایپل کمپنی کی سربراہی سنبھالنے والے ٹِم کُک کے دور میں سامنے آنے والا منی آئی پیڈ کُلی طور پر ان کا اپنا خیال ہے اور اس پر اسٹیو جابز کی قطعاً چھاپ نہیں ہے۔ منی آئی پیڈ کے حوالے سے اسٹیو جابز کا خیال تھا کہ یہ عام ہوتے ہی اپنی موت مر جائے گا۔ جابز اس مناسبت سے انگریز کا بازاری محاورہ DOA بولا کرتے تھے۔ اس کا مطلب ہے سامنے آتے ہی ختم ہو جانا یا انگریزی میں Dead on Arrival ۔ لیکن چھوٹے آئی پیڈ کی عالمی منڈیوں میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے موجودہ چیف ایگزیکٹو ٹِم کُک نے اس کو نئے ڈیزائن کے ساتھ عام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Apple Ipad Apps
نارمل آئی پیڈ کا اسکرین سائز 9.7 انچ ہےتصویر: picture alliance / dpa

ایپل منی کی اسکرین 20 سینٹی میٹر یا 7.9 انچ ہے۔ نارمل آئی پیڈ کا اسکرین سائز 9.7 انچ ہے۔ یہ منی آئی پیڈ جدید ٹیکنیکل سہولتوں سے آراستہ ہے۔ منی آئی پیڈ 16 گیگا بائٹس سے لے کر 64 گیگا بائٹس کی رینج میں دستیاب ہو گا۔ اس کی قیمت بھی نارمل آئی پیڈ کے مقابلے میں کم رکھی گئی ہے۔ اس کاوزن0.68 پاؤنڈ ہے جو نارمل آئی پیڈ کے نصف کے برابر ہے۔ ایپل منی آئی پیڈ کی موٹائی 7.2 ملی میٹر ہے۔

ایپل کمپنی کے شعبہ مارکیٹنگ کے سینئر نائب صدر فل شیلر کے مطابق صارفین 26 اکتوبر سے اپنے آرڈر اپنے ملکوں میں ایپل مصنوعات فراہم کرنے والوں ایجنٹوں کو پیش کر سکتے ہیں اور مرحلہ وار ایپل منی آئی پیڈ کی فراہمی دو نومبر سے شروع کی جائے گی۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں ایک سو ملین ایپل آئی پیڈ خریدے گئے۔ ایپل کی جانب سے آئی پیڈ سن 2010 میں متعارف کروایا گیا تھا۔

(ah / ng (AFP