1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح کر دیا گیا

جاوید اختر، نئی دہلی
22 جنوری 2024

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے تاریخی شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں منہدم کی گئی بابری مسجد کی جگہ تعمیر کیے گئے مندر کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ملک بھرسے اہم شخصیات نے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/4bWa3
Indien | Ayodhya Ram Tempel
تصویر: Rajesh Kumar Singh/AP Photo/picture alliance

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے تاریخی شہر ایودھیا میں تین دہائیوں قبل منہدم کی گئی تاریخی بابری مسجد کی جگہ تعمیرکیے گئے عظیم الشان رام مندر کا افتتاح آج پیر کے روز کردیا گیا۔ اس افتتاحی تقریب کے سلسلے میں ہونے والی پوجا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ  آرایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اوراترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ ایک درجن سے زیادہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس پروگرام کو ٹی وی اورآن لائن پلیٹ فارموں پر براہ راست نشر کیا گیا۔ بعض سنیما گھروں میں بھی اسے براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ ہندو تنظیموں نے مختلف مقامات پر بڑی بڑی اسکرینیں بھی آویزاں کی تھیں۔

رام مندر کا افتتاح: بھارتی مسلمان کیا سوچتے ہیں؟

مرکزی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر اور محکموں میں آدھے دن کی چھٹی کا اعلان کر رکھا تھا، بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں بھی اس اعلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اترپردیش اور دہلی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں آج چھٹی ہے۔

حکمراں بی جے پی پر مندر کے افتتاح کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا جارہا ہے
حکمراں بی جے پی پر مندر کے افتتاح کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا جارہا ہےتصویر: Aamir Ansari/DW

 

آج کیا ہوا؟

نو تعمیر شدہ رام مندرمیں ہندووں میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے رام کی مورتی میں روح پھونکنے یعنی 'پران پرتشٹھا' کی رسم ادا کی گئی حالانکہ ہندوؤں میں انتہائی اعلیٰ ترین مذہبی حیثیت رکھنے والے چار شنکر آچاریاوں نے اس پر اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ابھی مندر پوری طرح مکمل نہیں ہوا ہے اس لیے اس صورت حال میں مورتی  میں روح پھونکنے کا عمل درست نہیں۔

سیاہ پتھروں سے تراش کر تیار کی گئی اکیاون انچ کی مورتی میسور کے سنگ تراش ارون یوگی راج نے تیار کی ہے، جسے مندر کے 'گربھ گرہ' میں رکھا گیا ہے۔ اس مورتی میں رام ایک پانچ سالہ بچے کے طور پر دکھائے گئے ہیں۔

بھارت: کیا بنارس کی گیان واپی مسجد کو بابری مسجد بنانے کی کوشش کی جارہی ہے؟

رام مندر کے افتتاح کے موقع پر ملک بھر میں ہندووں میں انتہائی جوش و خروش نظر آیا۔ اس موقع کی مناسب سے وزیر اعظم کی اپیل پر ملک بھر کے مندروں میں تقریباً تمام مندروں کو سجایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیو ں اور ہندو محلوں میں بھی مذہبی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ہندو شدت پسند تنظیم وشو ہندو پریشد نے بھی آج دنیا کے مختلف ملکوں میں تقریبات کا اہتمام کیا تھا۔

سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

رام مندر کی افتتاحی تقریب کے موقع پرایودھیا میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ مندر اور اس کے اطراف میں دس ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔ یونیفارم اور سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی لوگوں کی ایک ایک حرکت پر نگاہ رکھے رہے۔

شہر کے تمام چوراہوں اوراہم سڑکوں پرخاردار تاریں لگا کر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔

کیمیاوی، حیاتیاتی، تابکاری اورجوہری حملوں سے مقابلہ کرنے نیز سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بھی انتہائی تربیت یافتہ این ڈی آرایف کی متعدد ٹیمیں بھی تعینات کی گئی تھیں۔ اہم مقامات اورعمارتوں کی چھتوں پربھی سکیورٹی اہلکار تعینا ت کیے گئے تھے۔ 

 رام مندر میں ہندووں میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے رام کی مورتی کی 'پران پرتشٹھا' کی رسم ادا کی جائے گی
رام مندر میں ہندووں میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے رام کی مورتی کی 'پران پرتشٹھا' کی رسم ادا کی جائے گیتصویر: Salman Ali/Hindustan Times/Sipa USA/picture alliance

فلمی ستاروں، کرکٹرز سے لے کر صنعت کار تک مدعو

رام مندر ٹرسٹ نے اس تاریخی موقع پر ملک بھر سے تقریباً آٹھ ہزار افراد کو مدعو کیا تھا۔ ان میں 506 کو انتہائی اہم شخصیات کے زمرے میں رکھا گیا۔ اس فہرست میں بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن، سابق کرکٹر سچن تندولکر اور معروف صنعت کار مکیش امبانی اور گوتم اڈانی شامل ہیں۔

ان اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو رام مندر کی تحریک سے وابستہ رہیں۔ بالی وڈ اداکار انوپم کھیر، رن دیپ ہوڈا، مادھوری دکشت، ہیما مالنی، رنبیرکپور، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف، کنگنا رناوت وغیرہ بھی اس افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ متعدد فلم ہدایت کاروں اور پروڈویوسرز کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

جن کرکٹروں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں کپل دیو، سنیل گواسکر، مہندر سنگھ دھونی، سوربھ گنگولی، راہل دراوڑ، وریندر سہواگ شامل ہیں۔رام مندر کے حق میں فیصلہ سنانے والے سپریم کورٹ کے تمام پانچوں ججوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ متعدد سائنس دانوں، سابق سفارت کاروں، دانش وروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

ایودھیا شہرکے تمام مندروں کو بھی سجایا گیا ہے
ایودھیا شہرکے تمام مندروں کو بھی سجایا گیا ہےتصویر: Salman Ali/Hindustan Times/Sipa USA/picture alliance

اپوزیشن کا بائیکاٹ

اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے اس تقریب میں شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ کانگریس پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ تقریب "بی جے پی اور آرایس ایس کا پروگرام" ہے۔

بھارتی حزب اختلاف نے رام مندر کے افتتاح کی دعوت مسترد کیوں کی؟

خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے سن 2019 میں اپنے تاریخی فیصلے میں منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

 ہندو فریق کا دعویٰ تھا کہ مسجد کی جگہ ہی رام پیدا ہوئے تھے اور وہاں پہلے کبھی مندر تھا۔ لیکن عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں مسجد کی جگہ کسی مندر کی موجودگی کو مسترد کردیا تھا۔ اس نے سولہویں صدی میں تعمیر بابری مسجد کو چھ دسمبر 1992 کو منہدم کردینے کا بھی اعتراف کیا تھا۔ اس کے باوجود ملک کے اکثریتی ہندووں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے وہاں مندر بنانے کی اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا گیا تھا تاہم مسلم فریق نے اپنے وعدے کے مطابق عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرلیا۔سپریم کورٹ نے رام مندر سے کوئی پچیس کلومیٹر دور دھنی پور گاوں میں مسلمانوں کو مسجد تعمیر کرنے کے لیے پانچ ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ فی الحال مسجد کی تعمیر کے آغاز کا کوئی ٹھوس منصوبہ سامنے نہیں آیا ہے۔

بابری مسجد - رام مندر تنازعہ اور اس کے تاریخی حقائق