1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

این ایس اے کو اسمارٹ فونز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے، رپورٹ

ندیم گِل9 ستمبر 2013

امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی زیادہ تر اسمارٹ فونز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ یہ انکشاف جرمن میگزین ڈیر شپیگل نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے جو ہفتے کو سامنے آئی۔

https://p.dw.com/p/19dtu
تصویر: Fotolia/bloomua

ڈیر شپیگل کی رپورٹ کے مطابق امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) آئی فون، اینڈروئڈ اور بلیک بیری کے فونز کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس اور ای میل پیغامات کی نگرانی کی جاتی رہی ہے۔

اس جرمن ميگزين نے ہفتے کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا کہ این ایس اے اسمارٹ فونز کے کانٹیکٹس، نوٹس اور صارف کی لوکیشن کی معلومات حاصل کر سکتی ہے۔ میگزین نے اس سلسلے میں این ایس اے اور برطانیہ ميں قائم اسی طرز کے برطانوی ادارے جی سی ایچ کیو کی دستاویزات کا حوالہ دیا ہے۔ ان سے پتہ چلتا ہے کہ ان ایجنسیوں نے ہر طرح کے اسمارٹ فون کے لیے مخصوص ٹیمیں مقرر کر رکھی ہیں جن کا کام دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں جیسے خطرات کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا ہے۔

Symbolbild USA Prism NSA Abhörskandal
پرزم کا انکشاف ایڈورڈ سنوڈن نے کیا تھاتصویر: imago/McPHOTO

ان دستاویزات سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ کیا این ایس اے بڑے پیمانے پر اسمارٹ فونز کے صارفین کی نگرانی کر رہی ہے۔ تاہم یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس طریقے سے مخصوص لوگوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈیر شپیگل نے یہ نہیں بتایا کہ یہ دستاویزات اس کے ہاتھ کیسے لگیں۔ ان کے مصنفین میں سے ایک لارا پوئٹراس ہیں۔ وہ امریکی فلمساز ہیں اور ان کے این ایس اے کے سابق ملازم ایڈورڈ سنوڈن سے قریبی رابطے رہے ہیں۔ ڈیئر شپیگل حالیہ ہفتوں کے دوران سنوڈن کے حوالے سے متعدد مضامین شائع کر چکا ہے۔

قبل ازیں اس میگزین نے ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ این ایس اے اقوام متحدہ کی ویڈیو کانفرنسوں کی جاسوسی کرتی رہی ہے۔ ڈیر شپیگل میگزین کی گزشتہ ماہ سامنے آنے والی اس رپورٹ کے مطابق این ایس اے نے امریکی انٹیلیجنس اہلکاروں کو اقوام متحدہ کی ویڈیو کانفرنسوں تک غیر قانونی طریقے سے رسائی دی۔ اس رپورٹ میں این ایس اے کی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کی کانفرنسوں تک بھی رسائی حاصل کی گئی۔

ایڈورڈ سنوڈن نے این ایس اے کے نگرانی کے خفیہ پروگرام پرزم کے بارے میں معلومات ذرائع ابلاغ کو دی تھیں۔ وہ خود امریکا سے فرار ہو کر ہانگ کانگ چلے گئے تھے، جہاں سے وہ ماسکو پہنچے۔ حال ہی میں روس نے انہیں ایک سال تک کے لیے سیاسی پناہ دی ہے۔